پشاور (وقائع نگار) چترال میں سیاحت کیلئے پہلے مرحلے میں 56 کروڑ روپے کی منظوری دیدی گئی،35 کروڑ چترال کی خوبصورتی ، 15 کروڑ کیلاش قبیلے اور 6 کروڑ ان کے قبرستان پر خرچ کئے جائینگے۔یہ منظوری سینئر صوبائی وزیر برائے سیاحت وثقافت عاطف خان نے ایم پی اے وزیر زادہ کی قیادت میں آئے چترال کے وفد کیساتھ ملاقات میں دی ، منظو رشدہ رقم چترال بازار کی خوبصورتی، سڑکوں کی بہتری ، اسامہ شہید پارک کی بحالی اور سٹریٹ لائٹس پر خرچ کی جائیگی. چترال میں فوڈ سٹریٹ کے قیام کے علاوہ چترال پولو گرئونڈ کی اپ گریڈیشن بھی کی جائیگی۔ سینئر وزیرنے محکمہ سیاحت وکھیل حکام کو ہدایت کی کہ ضلع کے 29 پولو گرائونڈز سے تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنا ئیں ،سینئر وزیر نے کہاکہ چترال سیاحتی لحاظ سے خیبر پختون خوا کا ایک اہم حصہ ہے جہاں سیاحت کو مزید فروغ دیکر ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنایاجائے گا۔