کراچی(اسٹاف رپوررٹر) دنیائے ہاکی کے میگا ایونٹ ورلڈ کپ ہاکی ٹور نامنٹ میں شرکت کیلئے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی واہگہ بارڈر کے راستے ہفتہ کو بھارت پہنچ گئی ، روانگی سے قبل ٹیم کے کپتان رضوان سنیئر نے کہا کہ ورلد کپ میں ہمارا ہدف جیت ہے، وکٹری اسٹینڈ تک رسائی ہماری بڑی کامیابی ہوگی، انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے کیمپ میں سخت محنت کی ہے اور وہ میگا ایونٹ میں ماضی کے مقابلے میں بہتر کار کردگی کا مظاہرہ کرے گی، ٹیم کے ہیڈ کوچ توقیر ڈار نے کہا کہ کھلاڑیوں کی فٹنس لیول میں بھی بہتری آئی ہے ، ان کا مورال بلند ہے،وہ ورلڈ کپ میں اچھی پر فار منس دکھائے گی، کھلاڑیوں نے کیمپ میں بہت مشکل اور سخت ٹریننگ کی ہے مجھے کھلاڑیوں پر اعتماد ہے، ٹورنامنٹ 28 نومبر سے 16 دسمبر تک بھارت کے شہر بھونشورمیں کھیلا جائے گا، قومی ٹیم کا پہلا مقابلہ یکم دسمبر کو جرمنی سے ہوگا ۔ گروپ ڈی میں شامل قومی ٹیم ہالینڈ جیسی مضبوط ٹیم اور ملائیشیا سے بھی ٹکرائے گی۔گروپ ڈی میں تین ٹیمیں ورلڈ چیمپیئن کا تاج اپنے سر سجا چکی ہیں۔ پاکستان ٹیم کو سب سے زیادہ چار مرتبہ عالمی چیمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل ہے جبکہ ہالینڈ تین مرتبہ اور جرمنی کی ٹیم دو مرتبہ یہ اعزاز حاصل کر چکی ہے۔عالمی ہاکی رینکنگ میں پانچویں پوزیشن پر موجود بھارت پول سی میں شامل ہے۔ گروپ سی بیلجئیم، بھارت، کینیڈا اور جنوبی افریقا کی ٹیموں پر مشتمل ہے۔