اسلام آباد (نیوز رپورٹر) چینی قونصل خانے پر حملہ پاک چین تعلقات میں رخنہ ڈالنے کی ناکام کوشش تھی۔ دہشت گردانہ کارروائیوں کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔ پاکستانی قوم متحد اور اپنے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سربراہ انصار الامہ مولانا فضل الرحمان خلیل نے ایک بیان میں کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ سی پیک سے خوفزدہ قوتیں پاکستان کا چہرہ ناکام ریاست کے طور پر پیش کرنا چاہتی ہیں۔ ایسی قوتوں کو باور کرانا چاہتے ہیں کہ پاکستان ایٹمی ملک ہے اور دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔طاغوتی طاقتیں اگر خطے میں امن کی خواہاں ہیں تو انہیں اپنے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کراچی اورخیبر پختونخوا ضلع اورکزئی میں دہشت و بربریت پھیلانے والے افراد اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کر کے جلد از جلد عبرت ناک انجام تک پہنچایا جائے۔