• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کا علیمہ خان کی جائیداد کی چھان بین کا مطالبہ

سابق وزیراعظم نوازشریف نے قومی احتساب بیورو (نیب) سے علیمہ خان کی جائیداد کی چھان بین کا مطالبہ کردیا۔

احتساب عدالت کے باہر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں نواز شریف نے استفسار کیا کہ علیمہ خان کے پاس دبئی میں اربوں روپے کی جائیداد کہاں سے آئی؟ جائیداد چھپانے پر جرمانہ ادا کیا، یہ این آر او نہیں؟

انہوں نے کہا کہ نیب ن لیگ کے رہنمائوں کے خلاف تو چھان بین کرتی رہتی ہے، اسے تحقیقات کرنا چاہیے کہ علیمہ خان کی جائیداد کی منی ٹریل کیا ہے؟ ان کے پاس تو کوئی ذرائع آمدن بھی نہیں۔

نواز شریف نے مزید کہا کہ قوم جاننا چاہتی ہے کہ علیمہ خان کی جائیداد کے پیچھے کون ہے،وہ شوکت خانم اسپتال کے بورڈ کی ممبر بھی ہیں

سابق وزیراعظم نےکہا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بجلی کے منصوبوں میں 160 ارب روپے کی بچت کی،انہیں شاباش دینے کے بجائے نیب نے جیل میں ڈال دیا۔

نواز شریف نے کہا کہ حکومت کے100 دن پورے ہوچکے ہیں،بتائیں کیا کام کیا؟ لاہور ملتان موٹروے منصوبہ مکمل ہونے کے باوجود آپریشنل نہیں کیا جا رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ موٹروے کا نام پی ٹی آئی موٹروے رکھ دیں لیکن اسے کھولیں تو سہی، چپ ہوں تو کہتے ہیں سمجھوتا کرلیا، جو بولوں گا وہ لکھا جاسکتا ہے نا شایع کیا جاسکتا ہے، کیا سزا سننے کے بعد لندن سے واپس آنے والا این آر او کرسکتا ہے؟

تازہ ترین