بلاول بھٹو نے زرداری گروپ کی لین دین سے لا تعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ زرداری گروپ کی لین دین سے متعلق میرے والد سے پوچھیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا مبینہ بے نامی اکاؤنٹس سے متعلق سوالنامے کا تحریری جواب جے آئی ٹی کو موصول ہوگیاہے۔
مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے بلاول بھٹو زرداری کو سوالنامہ جاری کیا تھاجس کا جواب سابق وزیرقانون فاروق ایچ نائیک کی سربراہی میں لیگل ٹیم نے تیار کیاہے۔
ذرائع جے آئی ٹی کے مطابق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بلاول بھٹو زرداری کے بیان کا آج جائزہ لے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول نے اپنے جواب میں دعویٰ کیا کہ اگرچہ یہ درست ہے کہ وہ زرداری گروپ پرائیویٹ لمیٹڈ کے ڈائریکٹرز میں سے ہیں، تاہم انہوں نے کاروباری معاملات میں حصہ نہیں لیا۔ تمام معاملات ان کے والد آصف علی زرداری دیکھتے تھے لہذا جے آئی ٹی کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس سے متعلق اُن سے ہی پوچھ گچھ کرنی چاہیے۔
تحریری جواب میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وہ زیادہ تر بیرون ملک مقیم رہے اور 2016 میں پاکستان میں ٹیکس دہندہ بنے، لہذا پانی کا بل، کھانے پینے کے اخراجات، کرایہ اور دیگر لین دین اور کاروباری معاملات ان کے والد دیکھا کرتے تھے،۔
واضح رہے جے آئی ٹی، زرداری گروپ لمیٹڈ کے ڈائریکٹر کی حیثیت سے بلاول بھٹو زرداری سے پوچھ گچھ کرنا چاہتی تھی تاہم چیئرمین پیپلز پارٹی نے جے آئی ٹی سے درخواست کی تھی کہ تفتیش کاروں کے سامنے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے سے قبل انہیں سوالنامہ دیا جائے جس پر دو روز قبل انہیں سوالنامہ بھجوایا گیا تھا۔