سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے 51 ویں یوم تاسیس پر پیغام جاری کیا ہے۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کا اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر شہید کی وارث، پارٹی کی تنظیم اور جیالے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی قیادت، عہدیداران اور جیالے عظیم مقصد کی خاطر محنت کے لیے تیار ہیں۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی کے51 ویں یوم تاسیس پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے نظریے پر ثابت قدم ہے ۔
انہوں نے کہا کہ استحصالی قوتوں کی شکست تک جدوجہد جاری رہے گی، شہید بھٹو اور محترمہ شہید کا فلسفہ مشعل راہ ہے، پارلیمنٹ کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
آصف زرداری نے مزید کہا کہ اس سوچ سے لڑائی ہے جو جمہوریت کو کمزور رکھنا چاہتی ہے، ہر طرح کی شدت پسندی کی مزاحمت کریں گے۔
سابق صدر نے یہ بھی کہا کہ 1973ء کے آئین کو بحال کرکے شہید محترمہ کے مشن کی تکمیل کی، پیپلز پارٹی نے صوبوں کو خود مختاری دی۔