سکھر+نوابشاہ (بیورو رپورٹ) میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث اہم شاہراہوں و تجارتی مراکز میں تجاوزات کے خاتمے کا آپریشن شروع نہیں ہوسکا، سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت ملک کے مختلف شہروں میں تجاوزات کے خاتمے کا آپریشن جاری ہے تاہم سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر میں میونسپل کارپوریشن انتظامیہ تجاوزات کے خاتمے کے لئے کسی بھی قسم کے اقدامات نہیں کررہی ہے، شہر کے اہم ترین کاروباری علاقے اور شاہراہیں منارہ روڈ، ایوب گیٹ، نیم کی چاڑی، ایکسائز آفس روڈ، حسینی روڈ، ریس کورس روڈ، پولیس ہیڈ کوارٹر روڈ، نواں گوٹھ، ملٹری روڈ، شکارپور روڈ، گھنٹہ گھر چوک، بیراج روڈ، شہید گنج، صرافہ بازار، اناج بازار، بندر روڈ، ورکشاپ روڈ، نشتر روڈ سمیت دیگر علاقوں میں تجاوزات کی بھرمار ہے، جسے ختم کرنے کے لئے میونسپل انتظامیہ کوئی آپریشن نہیں کررہی ہے، کبھی کبھار کوئی آپریشن کیا جاتا ہے تو وہ صرف غریب ریڑھی بانوں کا محدود رہتا ہے اور ریڑھی بانوں کیخلاف کارروائی کرکے کاغذوں میں سب اچھا ہے کی رپورٹ پیش کردی جاتی ہے۔ تجاوزات کی بھرمار کے باعث ٹریفک جام کے نتیجے میں شہری دہرے عذاب میں مبتلا ہے، خاص طور پر دوپہر کے وقت جب اسکولز و کالجز کی چھٹی ہوتی ہے تو شاہراہوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں۔ رکشے، موٹر سائیکلیں، ویگنیں، کاریں و دیگر چھوٹی و بڑی گاڑیوں کا اژدھام ٹریفک جام میں پھنس کر رہ جاتا ہے۔ سکھر کے شہری و عوامی حلقوں نے انسداد تجاوزات آپریشن شروع نہ کئے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں سپریم کورٹ کے احکامات پر انسداد تجاوزات آپریشن کیا جارہا ہے مگر سکھر میں میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کوئی آپریشن نہیں کررہی ہے اور میونسپل انتظامیہ نے سپریم کورٹ کے احکامات کو بھی مسترد کررکھا ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، صوبائی وزیر بلدیات و دیگر بالا حکام سے اپیل کی کہ سکھر میں تجاوزات آپریشن شروع نہ کئے جانے کا نوٹس لیکر میونسپل کارپوریشن کے افسران سے باز پرس کی جائے ۔ نواب شاہ تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کردیا گیا مارکیٹ روڈ پر واقع ایک عمارت سمیت درجنوں دوکانوں کو مسمار کردیا گیا مہم میں بڑی تعداد میں پولیس اہلکار اور ضلعی افسران موجود تھے تجاوزات کے خلاف مہم کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تاجروں و دکانداروں کو تین روز کی مہلت دیتے ہوئے نوٹس جاری کئے گئے تھے مہلت گذرنے کے بعدضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھاری مشینری کے ساتھ تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کردیا گیا دوسری جانب شہر کے دیگر مین بازاروں جن میں مارکیٹ روڈ، سکرنڈ روڈ، مارکیٹ روڈ نمبر ون کے دکانداروں کی جانب سے اپنی مدد آپ کے تحت تجاوزات ختم کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق تجاوزات کے خاتمے کے لئے سروے مکمل کرلیا گیا جبکہ سڑکوں کے درمیان آنے والے بجلی ،ٹیلیفون کے پول کو بھی ہٹانے کے لئے حیسکو اور محکمہ فون کو احکامات جاری کردئے گئے ہیں۔