کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ انوسٹمنٹ بورڈ کی چیئر پرسن ناہید میمن نے کہا ہے کہ کھجور کی پیداوار کے حوالے سے پاکستان کے زرخیز ترین ضلع خیر پورمیں سالانہ 1500ٹن کھجوروں کی بین الاقوامی معیار کے مطابق پروسیسنگ کی صلاحیت کا حامل یونٹ اگلے سال خیر پوراسپیشل اکنا مک زون میں کام کرنا شروع کردے گا ۔ اس پروسیسنگ یونٹ میں بیک وقت 1800ٹن کولڈ اسٹوریج کی بھی گنجائش رکھی گئی ہے ۔چیئر پرسن سندھ انوسٹمنٹ بورڈناہید میمن نے بتایا کہ حکومت سندھ نے صوبے میں سرمایہ کاری کے منصوبوں کی حوصلہ افزائی کے لئے سندھ انٹر پرائز ڈیولپمنٹ فنڈ کی وساطت سے دیہی اور زرعی شعبے کی معیشت کی بہتری اور ویلوایڈیشن کے لئے مالی معاونت کا پروگرام شروع کیا ہے ۔نجی شعبے میں قائم ہونے والے 1500ٹن کھجور کی پروسیسنگ صلاحیت کے حامل اس پروجیکٹ میں پروسیسنگ یونٹ لگانے والی قابل اعتماد کمپنی کو بینک قرضے پر تین سال تک مارک اپ ادائیگی میں سندھ انٹر پرائز ڈیولپمنٹ فنڈتعاون کرے گا۔ اس عمل سے دیہی اور زرعی شعبوں میں صنعتی ترقی کا عمل تیز ہوگا ۔انہوں نے بتایا کہ سندھ بورڈ آف انوسٹمنٹ ،سندھ انٹر پرائز ڈیولپمنٹ فنڈ اور خیر پور کی ضلعی انتظامیہ خیر پور اسپیشل اکنامک زون میں نجی شعبے کے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے تمامتر ضروری تعاون اور انفرااسٹرکچرفراہمی کے لئے کوشاں ہیں۔