لاہور(نمائندہ خصوصی) قائد حزب اختلاف پنجاب میاں حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے سیاسی مخالفین خاطر جمع رکھیں۔ پی پی 168کے ضمنی انتخاب میں بھی مسلم لیگ (ن) ہی کامیاب ہوگی اور عوام پہلے سے زیادہ مینڈیٹ دیں گے۔ بوگس اور جعلی مینڈیٹ رکھنے والی پی ٹی آئی کی حکومت کا ٹیک آف ہونے سے پہلے ہی دھڑن تختہ ہوگیا ہے ۔ وہ گزشتہ روز صوبائی حلقہ پی پی 168کے امیدوار رانا خالد قادری کے انتخابی جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر رانا مبشر اقبال ایم این اے، چودھری محمد ادریس، مرزا جاوید ایم پی اے سمیت دیگر افراد نے بھی خطاب کیا۔ پی ٹی آئی کے متعدد کارکنوں نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی کی 100دن کی حکومت میں عمران خان نیازی نے 100یوٹرن لئے، روپیہ ڈالر کے مقابلے میں ٹکہ ٹوکری ہونے سے ملک میں مہنگائی کا سیلاب آگیا ہے۔ غریب آدمی کو دو وقت کی روٹی میسر نہیں رہی، یہ ہے عمران کا نیا پاکستان۔ انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان کا نعرہ لگانے والوں نے اراکین کی خرید و فروخت سے آغاز کیا۔ ہم صوبے میں میدان کھلا نہیں چھوڑیں گے، اس موقع پر کارکنوں نے شہباز شریف کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔