• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرپشن کے خاتمہ کیلئے معاشرے کو ایک ادارہ میں تبدیل ہونا پڑے گا، گورنر

لاہور (نمائندہ خصوصی)گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ سیاستدان کا کردار صاف اور شفاف ہونا چاہئے کیونکہ وہ عام آدمی کے لئے رول ماڈل ہوتا ہے۔ قانون کی حکمرانی اس وقت ہو گی جب طاقتور اور اشرافیہ کا احتساب پہلے اور کمزور کا احتساب بعد میں ہوگا۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کرپشن کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور یہی پاکستان تحریک انصاف کا منشور ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحمرا ہال میں نیب لاہور کے زیراہتمام ’’انسداد بدعنوانی ڈے‘‘ کے سلسلہ میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں صوبائی وزیر آبپاشی محسن لغاری کے علاوہ مختلف محکموں کے افسران اور تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات نے شرکت کی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ نیب کا ادارہ جس مقصد کیلئے کام کر رہا ہے وہ عظیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن جیسے ناسور کے خاتمہ کے لئے معاشرے کو ایک ادارہ میں تبدیل ہونا پڑے گا، ایک سوچ میں ڈھلنا ہوگا اور ایک آواز بلند کرنا ہو گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور سلیم شہزاد نے کہا کہ نیب کرپشن کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب سے وہی خوفزدہ ہے جو کرپٹ ہے اور میرٹ پر تمام کیسوں کو حل کیا جاتا ہے۔
تازہ ترین