لاہور(خالد محمود خالد) بھارتی انجینئر حامد نہال ہاشمی کی پشاور جیل سے آئندہ ہفتے ہونے والی ممکنہ رہائی کے حوالے سے اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن نے تمام مکمل کر لی ہیں۔ بھارتی ہائی کمیشن کے حکام نے جمعہ کے روز پاکستانی دفتر خارجہ کو ایک خط لکھ دیا ہے جس میں حامد نہال ہاشمی کی رہائی کی تاریخ کے بارے میں استفسار کیا گیا ہے جب کہ اسے قونصلر سطح کی رسائی دینے کی بھی درخواست کی گئی ہے۔ حامد نہال ہاشمی سوشل میڈیا پر دوست بننے والی ایک پاکستانی لڑکی سے ملنے افغانستان کے راستے 12نومبر 2012ء کوپاکستان میںداخل ہوا تھا جہاںکوہاٹ میں وہ مبینہ طورپر لاپتہ ہو گیا تھا۔ اسے 2015ء میں گرفتار کیا گیاتھا اور اس کے خلاف جعلی پاکستانی شناختی کارڈ بنانے اور بغیرسفری دستاویز کے پاکستان میں داخل ہونے کے جرم میں مقدمہ درج کیا گیا۔اس پر پاکستان دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات بھی لگائے گئے تھے۔15دسمبر 2015ء کو حامد کو تین سال کی سزا سنائی گئی جواس ماہ کی 15تاریخ کو ختم ہو رہی ہے۔مجرم کے وکیل کی وساطت سے کی جانے والی درخواست پر پشاور ہائی کورٹ کے مسٹر جسٹس روح الامین خان اور مسٹر جسٹس اشتیاق ابراہیم پر مشتمل دو رکنی بنچ نے حامد نہال ہاشمی کی سزا کے خاتمے کے بارے میں وزارت داخلہ سے تفصیلات طلب کی تھیں۔