• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبے میں فنی تعلیم کے فروغ کیلئےخصوصی اتھارٹی بنانے کا فیصلہ

لاہور(رب نوازخان) پنجاب حکومت نے صوبے میں فنی تعلیم کے فروغ کے لیےخصوصی اتھارٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے ،جس کے ذریعےفنی تعلیم کو فروغ دینے کے اقدامات کیے جائیںگے ۔ جبکہ پنجاب میں فنی تعلیم کے فروغ کے لیے حکومت سرپرستی میں کام کرنے والے مختلف اداروں کو اس اتھارٹی میں ضم کر دیا جائے گا۔ پنجاب حکومت نے فنی تعلیم کے حوالے سے پنجاب میں کام کرنے والے مختلف اداروں جن میں پی وی ٹی سی ( پنجاب ووکیشنل ٹرینگ کونسل)، پی ایس ڈی ایف ( پنجاب سکلز ڈیویلپمنٹ فنڈ ) اور ٹیوٹا ( ٹیکنکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹرینگ اتھارٹی) سمیت فنی تعلیم کے لیے کام کرنے والے یکساںنوعیت کے اداروں کو ایک چھتری تلے جمع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جس کے لیے محکمہ تعلیم ، محکمہ صنعت و تجارت مختلف تجاویز پر غور کر رہے ہیں ۔ ابتداََ ان اداروں کو اکٹھا کیا جائے گا اور بعد ازاں انہیں نئی تشکیل دی جانے والی اتھارٹی میں ضم کرنےکی تجویز بھی ہے ۔ اس اتھارٹی کا نام پنجاب سکلز ڈیویلپمنٹ ایجنسی تجویز کیا گیا ہے ۔ جبکہ وفاقی حکومت کے زیر اہتمام فنی تعلیم کے فروغ کے لیےصوبوں میں کام کرنے والے اداروں کے صوبائی اداروں کو بھی بعد ازاں اس اتھارٹی کے ماتحت کیا جائے گا ۔
تازہ ترین