• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قوم،غریب،کسان،مزدورفیل اور وزیرپاس ہوگئے،سراج الحق

لاہور(نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی، بے روزگاری کا طوفان آیا ہوا ہے،قوم،غریب،کسان،مزدورفیل اور وزیرپاس ہوگئےہیں۔ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے راولپنڈی آرٹس کونسل میں منعقدہ ’’رائزنگ راولپنڈی ایکسپو‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ غریب کوروٹی نہیں مل رہی،نوجوان ڈگریاں جلارہے،وزرانے کونساامتحان پاس کیا، نئی حکومت نے تعلیم کو ترجیح نہیں دی 9 گھنٹے اجلاس کیا اور اس کے بعد کہا کہ تمام وزیر پاس ہو گئے ہیں جبکہ دوسری طرف قوم، ملک، شہری، غریب، کسان اور مزدور مایوس ہوگئے ہیں۔ غریب کو روٹی نہیں مل رہی۔ لوگ ملک سے بھاگ رہے ہیں نوجوان مایوس ہو کر ڈگریاں جلا رہے ہیں۔ مگر کہتے ہیں کہ وزیر پاس ہو گئے ہیں۔ بتایا جائے کہ وزیروں نے کون سا امتحان دیا ہے کہ وہ پاس ہوئے ہیں یہ تو اس طرح لگ رہا ہے کہ ایک دوسرے کو حاجی اور دوسرا پہلے کو قاضی کہے۔انہوں نے مزیدکہاپاکستان کو بیرونی دشمن سے زیادہ آستین کے سانپوں سے خطرہ ہے، آستین کے سانپوں نے ہی تمام قومی ادارے تباہ کئے، نوجوان ملک کا روشن مستقبل ہیں، طلبہ نے قائداعظم کے ساتھ مل کر پاکستان بنایا تھا اور طلبہ ہی ملک کو چیلنجز سے نکالیں گے مگر پاکستان میں سوا کروڑ بچے تعلیم سے محروم ہیں۔ 80 ہزار لوگ ہر سال کینسر کا شکار ہوتے ہیں۔ پانچ لاکھ یرقان سے مرتے ہیں۔ 33فیصد آبادی بلندفشار خون کے مرض کی شکار ہے جبکہ 89فیصد پاکستانی صاف پانی کی سہولت سے محروم ہیں۔ ایسے ماحول میں جن طلبہ کو تعلیمی اداروں میں پڑھنے کا موقع ملا ہے ان کو اللہ کا شکر ادا کرنا چاہئے۔

تازہ ترین