لاہور (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کبھی بھی عوام کی توقعات اور امیدوں پر پورا نہیں اتر سکتا،عثمان بزدار صاحب !پنجاب کے عوام آپ کی کارکردگی کی شدت سے منتظر ہے،پنجاب کے عوام کو آئی فون دکھا کر نوکیا3310 تھما دیاگیا،کتنے انڈے، مرغیاں اور کٹے بیچے گئے قوم کو بتائیں،وزیراعلیٰ عثمان بزدار جس جھونپڑی میں رہائش پذیر ہیں، میڈیا اورعوام کو پتہ بتائیں،جس سائیکل پر وہ دفتر آتے ہیں، عوام اسے دیکھنا چاہتے ہیں۔انہوںنے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ کے ترجمان وضاحت کریں کہ عثمان بزدار صاحب نے کیا کہا ہے؟ کچھ سمجھ نہیں آئی،وزیراعلی جس جھونپڑی میں رہائش پزیر ہیں، میڈیا اورعوام کو پتہ بتائیں،وزیراعلی نے کابینہ کے کتنے اجلاسوں کی صدارت کی؟ ،جس سائیکل پر وہ دفتر آتے ہیں، عوام اسے دیکھنا چاہتے ہیں،یہ بھی بتایا جائے کہ جنوبی پنجاب صوبہ کب بن رہا ہے؟ بزدار صاحب اس بارے کب پریس کانفرنس کررہے ہیں۔