شادی کا دن کسی بھی لڑکی کی زندگی کا سب سے’’ خوبصورت دن‘‘ ہوتا ہے ۔ہر لڑکی کی خواہش ہوتی ہے کہ اس دن وہ سب سے خوبصورت نظر آئے۔ خوبصورت ملبوسات اور برانڈڈ جیولری کے لیے جہاں مارکیٹوں کے چکر لگائے جاتے ہیں، وہیں بہترین میک اَپ آرٹسٹ کے انتخاب میں بھی کئی کئی دن گزر جاتے ہیں۔ وہ لڑکیاں جو عام روٹین میں میک اَپ کا استعمال زیادہ نہیں کرتیں، شادی کے دن کے لیے میک اَپ کرانا ان کی بھی آٹومیٹک خواہش بن جاتی ہے۔ ہمارے یہاں چونکہ موسم سرما کے آغاز سےہی شادیوں کا سیزن شروع ہوجاتا ہےچنانچہ ہر دلہن کو بھی اپنے میک اَپ کی فکر ستانے لگتی ہے۔ میک اَپ نیچرل ہونا چاہیے،شمری یا پھر ہیوی برائیڈل لُک، دلہن کے علاوہ قریبی رشتے دار اور دوست احباب میں بھی یہی موضوع زیرِبحث رہتا ہے۔ ہم آج لڑکیوں کی اس مشکل کو کم کرنے کیلئے کچھ ایسے مشہور برائیڈل میک اَپ ٹرینڈ کا ذکر کررہے ہیں، جو ان کے میک اَپ کے انتخاب میں مددگار ثابت ہوں گے۔
نیچرل میک اَپ، ڈارک لپ اِسٹک
مشرقی ہوں یا مغربی، خواتین میں ہیوی میک اَپ لک کم دیکھا جانے لگا ہے، آج کی خواتین سافٹ اور لائٹ میک اَپ کےذریعے شخصیت میں نکھار لانے کو زیادہ ترجیح دیتی ہیں۔ ہمارے یہاں نیچرل برائیڈل میک اَپ پہلے ٹرینڈ کا حصہ نہ تھا، تاہم اب ہوگیا ہے۔ برطانوی شاہی خاندان کی بہو میگھن مارکل کا نیچرل برائیڈل میک اَپ دیکھنے کے بعد خواتین کی اکثریت اس ٹرینڈ کو اپنا رہی ہے لیکن کچھ منفرد انداز میں۔ مغربی اور عرب ممالک سمیت پاکستانی دلہنیں جس طرح سرخ کے بجائے سفید یادیگر ہلکے رنگ پسند کرتی ہیں، اسی طرح گہری لپ اسٹک اور آنکھوں کے گہرے رنگ کے بجائے سوفٹ اور لائٹ ٹچ برائیڈل میک اَپ کو اپنارہی ہیں۔ نیچرل برائیڈل میک اَپ کی بات کی جائے تو اس لک آرٹسٹ آنکھوں اور چہرے کا میک اَپ لائٹ اور سوفٹ رکھتے ہیں جبکہ لپ اسٹک کے لیے گہرے شیڈز کا استعمال کیا جاتا ہے۔
برائیڈل میک اَپ، اسموکی آئی
برائیڈل میک اَپ میں آنکھوں کو خاص اہمیت حاصل ہے، اسموکی آئی میک اَپ کچھ عرصہ قبل متعارف ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے ایک ایسا ٹرینڈ بن گیا جو پارٹی میک اَپ، انگیجمنٹ اور برائیڈل میک اَپ سمیت ہر اسٹائل کے لیے پرفیکٹ ثابت ہوا۔ دور جدید میں اسموکی آئی میک اَپ کے لیے کلرڈگلیٹر، چمکیلی ڈسٹ اورنت نئی اسموکی تکنیک کا استعمال کیا جارہا ہے۔کچھ عرصہ اسموکی میک اپ کا سنتے ہی بلیک آئی شیڈو کاتصور آنے لگتاتھا تاہم اب ٹرینڈ چینج ہوگیا ہے اس میں بلیک کے علاوہ نیلا ، برگنڈی ، کتھئی اور اودی رنگوں کا استعمال کیا جا تاہے۔ یہی وجہ ہے کہ مختلف رنگوں اور نت نئی تکنیک کا استعمال برائیڈل میک اَپ کو ایک خاص انفرادیت عطا کرتا ہے۔اسموکی آئی میک اپ کے اس ٹرینڈ کے پیش نظرمختلف رنگوںکاامتزاج اس خوبصورتی سے کیا جاتا ہے کہ سب رنگ مل کر ایک شاندار تاثر ابھارنے کا سبب بنتے ہیں، جس سے آنکھوں کی دلکشی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
برائیڈل میک اَپ، گلیٹر آئی
گلیٹر آئی میک اَپ ان دنوں خواتین میں سب سے زیادہ مقبول ٹرینڈ ہے ۔میک اَپ آرٹسٹ برائیڈل میک اَپ کیلئے گلیٹر آئی میک اَپ کا استعمال کررہے ہیں۔ اداکارہ آئزہ خان کی شادی اور ولیمے میں میک اَپ کے لیے گلیٹر آئی میک اَپ ٹرکس کا استعمال کیا گیا۔گلیٹر آئی میک اَپ کے لیے گولڈ یا سلور ہی نہیں بلکہ کلرڈ گلیٹر کا استعمال بھی کیا جاتا ہے، جوآنکھوں کی خوبصورتی میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔ سلور،پنک اور پرپل گلیٹر کلرزسے مزین برائیڈل آئی میک اَپ ایک منفرد اور خوبصورت انداز فراہم کرنے کے لیے بہترین انتخاب ہے۔برائیڈل لک کے گلیٹر آئی میک اَپ کے لیے لائٹ اورڈارک دونوں ہی ٹرینڈز اپنائے جاتے ہیں، جنہیں دلہن کے لباس اور جیولری کی مناسبت سے استعمال کیا جاتا ہے۔
گولڈن اور بلیک کے ساتھ ہیوی میک اَپ
برائیڈل میک اَپ کے لیےہیوی میک اَپ ہماری روایت کا حصہ ہے، آج بھی خواتین کا ایک طبقہ ایسا ہے جو شادی جیسے خاص دن کے لیےہیوی لُک اپنانا پسند کرتی ہے۔ اگر آپ بھی نیچرل لک کے بجائے ہیوی میک اپ لک اپنا ناچاہتے ہیں تو گولڈن اور بلیک آئی میک اَپ کی طرف جائیںاس ٹرینڈ کے پیش نظر بیوٹی ایکسپرٹ دو خاص شیڈز (گولڈن اور بلیک )کا استعمال زیادہ کرتی ہیں ۔برائیڈل لہنگے میں بلیک کا ٹچ ہو یا نہیں آنکھوںکے میک اَپ کے لیےبلیک اور گولڈن شیڈز کو منفرد انداز میں استعمال کیا جاتا ہے ۔برائڈل لائنر اسٹائل کی بات کی جائے تو عام طور پر ونگڈ اسٹائل، آنکھ کی ساخت کو پیش نظر رکھتے ہوئے زیادہ مناسب رہتا ہے۔ہیوی میک اَپ میں جہاں آنکھیں گہرے اور ہلکے رنگوں کے ساتھ تیار کی جاتی ہیں، وہیں لپ اسٹک کے لیے ہلکے رنگوں کا انتخاب کیا جاتا ہے۔