• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سردیاں آتے ہی خشک میوہ جات کی مانگ بڑھ جاتی ہے۔ٹھنڈے موسم میں خشک میوہ جات سبھی شوق سے کھاتے ہیں۔یہ قدرتی طور پر ان کے بےشمار طبی فوائد ہیں۔ اعتدال کے ساتھ ان کا استعمال انسانی جسم کو مضبوط اور توانا بناتا ہے۔ روزانہ ایک مٹھی خشک میوہ جات کا استعمال بہتر ہے۔خشک میوہ جات میں مونگ پھلی،بادام، پستہ، کاجو،کشمش، اخروٹ، انجیر اور چلغوزے شامل ہیں۔ماہرین کے مطابق خشک میوہ جات کا روزانہ استعمال کینسر ،امراض قلب اور جسم میں کولیسٹرول کی سطح کو معمول پررکھنے میں مفید ہے۔ خشک میوہ جات سے مختلف لذیذ پکوان بھی بنائے جاتے ہیں۔یہ پکوانوں کی لذت کو مزید بڑھا دیتے ہیں۔ چند لذیذ پکوانوں کی تراکیب ملاحظہ فرمائیں۔

میوہ قورمہ

اجزاء۔

گوشت۔ آدھا کلو

ہلدی ۔دو چٹکی

دھنیا۔ آدھا چمچ

گھی۔ آدھا پاؤ

لہسن۔ سات جوئے

لال مرچ۔ حسبِ ضرورت

ادرک ۔حسب ِضرورت

نمک۔حسبِ ذائقہ

بادام۔ 125گرام

پستہ۔ 125گرام

مونگ پھلی۔ 125گرام

کشمش۔ 125گرام

دہی۔ 125گرام

ترکیب۔

بادام رات کو پانی میں بھگو دیں۔ صبح ان کا چھلکا اتار کر گریاں گھی میں تل لیں۔ اسی طرح پستے، مونگ پھلی اور کشمش کو بھی گھی میں ہلکا ہلکا تلیں ۔ اب گھی کڑ اکڑا ئیں اس میں پیاز لال کرنے کے بعد مصالحہ بھونیں پھر گوشت دہی سمیت ڈال کر اسے بھونیں اور میوے ڈال کر پانی ڈال دیں۔ جب گوشت گل جائے تو حسبِ ضرورت ایک بار پھر تھوڑا سا بھونیں اور پتیلی چولہے سے اتار لیں۔گرم مصالحہ ڈال کر ڈھک دیں۔کچھ دیر بعدمیوہ قورمہ سرو کریں۔

میوہ شیر خرمہ

اجزاء۔

دودھ۔ ایک لیٹر

چینی۔ ایک کپ

کھوپرا (پسا ہوا)۔ چار کھانے کے چمچ

پستے (پسے ہوئے) ۔دو کھانے کے چمچ

چھوہارے۔ دو عدد

چاول (پسے ہوئے)۔ چار کھانے کے چمچ

سویاں۔ ایک کپ

کھویا ۔چارکھانے کے چمچ

بادام (پسے ہوئے)۔ دو کھانے کے چمچ

چھوہارے (کٹے ہوئے) ۔چھ عدد ( چار چار ٹکڑوں میں کاٹ لیں)

الائچی کے دانے۔ چار عدد

ترکیب

پتیلی میں دودھ ڈال کر ابلنے کے لئے رکھ دیں۔

ابال آجائے تو آنچ ہلکی کر دیں۔

اس میں سویاں، چاول اور چینی ڈال دیں۔

10 منٹ تک چمچ چلاتی رہیں۔

اس کو 20-25منٹ ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔

اس میں پساہوا کھوپرا، بادام، پستے ڈال دیں۔

الائچی دانے اور چھوہارے بھی ڈال دیں اور مزید 10منٹ پکائیں۔

سرونگ ڈش میں نکال لیں۔ٹھنڈا ہو جائے تو کٹے ہوئے چھوہاروں اور کھویا سے گارنش کر کے سرو کریں۔

میوہ لڈو

اجزاء۔

گری بادام۔ آدھ کلو

مغز اخروٹ۔ ایک پاؤ

کشمش ۔آدھ پاؤ

پستہ ۔آدھ پاؤ

چلغوزے۔ آدھ پاؤ

گوند۔ آدھ پاؤ

چینی ۔تین پاؤ

گھی ۔ایک پاؤ

ترکیب۔

گھی کو اچھی طرح گرم کر کے گوند کو سرخی مائل ہونے تک بھونیں۔

گوند پھول کر موٹا ہو جائے تو نکال کر کوٹ لیں۔

بادام کا چھلکا اتار لیں اور تمام میوے کو موٹا موٹا کوٹ لیں اور چینی کو باریک پیس کر اس میں ملا دیں۔

پانی کا چھینٹا دیتے ہوئے ہاتھوں سے لڈو بنا لیں۔ مزیدار میوہ جات سے بنے لڈو تیار ہیں۔

میوہ کھجور

اجزاء۔

کھجور۔ 200 گرام

پستہ۔ 50 گرام

ناریل ثابت۔ ایک بڑا ٹکڑا

کوکنگ آئل۔ حسبِ ضرورت

کاجو۔ 50 گرام

بادام۔ 50 گرام

ناریل (پسا ہوا)۔ 50 گرام

خشخاش۔ 50 گرام

اخروٹ۔ 50 گرام

ترکیب۔

بادام، پستہ، اخروٹ اور کاجو کاٹ کر باریک کرلیںاورخشخاش دھو کر سکھالیں۔

ناریل کے باریک باریک پیس کاٹ لیں۔

کھجور میں سے گٹھلی نکال کر اسے مسل لیں۔

پھر ایک دیگچی میں کوکنگ آئل گرم کر یں۔

اس میں کھجور کو بھونیں کہ تمام تیل اس میں جذب ہو جائے۔

اس کے بعد خشک میوہ ڈال کر خوب اچھی طرح ملا لیں کہ میوہ کھجور کے اندر تک چلا جائے۔

اب اس کو تھوڑا سا ٹھنڈا کر کےکھجور کی شکل کے بناکر اوپر چاندی کا ورق لگالیں۔لذیذ میوہ کھجور تیار ہے۔

ڈرائی فروٹ ٹارٹ

اجزاء۔

انڈے کی زردی۔ ایک عدد

مکھن۔ ایک سو بارہ گرام

میدہ۔ ایک سو آٹھ گرام

چینی ۔چھپن گرام (باریک پسی ہوئی)

ونیلا ایسنس۔ چند قطرے

بھرنے کے لیے:

انڈے ۔دو عدد

پستے۔ ایک کھانے کا چمچ (چوپ کئے ہوئے)

اخروٹ ۔ایک کھانے کا چمچ (چوپ کیا ہوا)

دارچینی ۔ایک چوتھائی چائے کا چمچ

کشمش۔ دو کھانے کے چمچ

کینو کے چھلکے ۔دو کھانے کے چمچ (کھرچے ہوئے)

بادام۔ دو کھانے کے چمچ (کٹے ہوئے)

گلیزڈ سرخ چیریز۔ دو کھانے کے چمچ

گلیزڈ ہری چیریز ۔دو کھانے کے چمچ

کشمش۔ دو کھانے کے چمچ (بڑی والی)

جام۔ تین کھانے کے چمچ

ترکیب۔

ایک پیالے میں مکھن، چینی اور ونیلا ایسنس ڈال کر جھاگ اوپر آنے تک پھینٹیں ۔

اس میں انڈے کی زردی شامل کرکے مزید پھینٹیں اور پھر میدہ ڈال کر لپیٹ لیں۔

اس آمیزے کو نرم گوندھیں اور پھر روٹی بیل لیں۔

گول کٹر کی مدد سے اس کو کاٹ کر ٹارٹ ٹرے میں رکھ دیں۔پیالے میں کشمش، کینو کے چھلکے، اخروٹ، سرخ چیریز ، ہری چیریز ، بڑی کشمش، پستے، دار چینی، بادام اور انڈے ڈال کر ملائیں۔ہر ٹارٹ میں ایک کھانے کا چمچ آمیزہ بھر کر ڈالیں۔ٹارٹ کی ٹرے کو پہلے سے گرم اوون میں ایک سو اسی ڈگری پر بیس منٹ پکاکر نکال لیں۔ہر ٹار ٹ کے کنارے پر جام لگائیں اور پستے چھڑک کر پیش کریں۔

پی نٹ چکی

اجزاء۔

مونگ پھلی۔250 گرام

گڑ۔250 گرام

گھی۔2/1-1 چائےکا چمچ

ترکیب۔

گھی گرم کرلیں۔ اب کچلا ہوا گڑ پین میں ڈال کر پکنے دیں۔ ایک پلیٹ مین تھوڑا گڑ ٹپکائیں۔ جب جم جائے تو مونگ پھلی شامل کرکے 2 سے3 منٹ تک پکائیں۔ چکی مکسچر کو گریس پلیٹ میں پھیلائیں اور ٹکروں میں کاٹ لیں۔ پی نٹ چکی تیار ہے۔

تازہ ترین