مصنّف: علّامہ نیاز فتح پوری
صفحات : 294،قیمت: 480روپے
ناشر: گگن شاہد، امر شاہد، بُک کارنر، پرنٹر، پبلشر اینڈ بُک سیلرز، جہلم، پاکستان
علّامہ نیاز فتح پوری برصغیر پاک و ہند کے ممتاز عقلیت پسند دانش ور، شاعر، انشا پرداز، افسانہ نگار اور نقّاد تھے۔ اُردو زبان کے محسنوں میں ایسی ہمہ جہت اور ہمہ صفت شخصیت شاید ہی کوئی اور ہو ۔ صحافت کے میدان میں ماہنامہ’’نگار‘‘ ان کی ایسی یاد گار ہے، جسے صدیوں فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ اس رسالے کو ادیبوں اور شاعروں کی نرسری کہا جاتا ہے۔ ان کے نظریات، عقائد ہر چند کہ مختلف تنازعات کا سبب رہے، مگر اس کے باوجود انھوں نے جتنا علمی و ادبی کام کیا، وہ بڑے بڑوں کے بس سے باہر ہے۔ تاریخ کے گُم شُدہ اَوراق، علّامہ نیاز فتح پوری کے تاریخی افسانوں کا مجموعہ ہے۔ با محاورہ، سادہ و شستہ طرزِ تحریراور منظر کشی سے مزیّن یہ افسانے تاریخ میں پیش آنے والے یاد گار واقعات کی درست منظر کشی کرتے ہیں۔بیش تر افسانوں میں ’’عورت‘‘کے تاریخی کردار کو تعریف و توصیف کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ طرزِ تحریر اس قدر دِل چسپ ہے کہ محسوس ہوتا ہے، الفاظ درحقیقت ہاتھ باندھے کھڑے ہیں۔ اس سے قبل بھی علّامہ نیاز فتح پوری کے افسانوں کے مجموعے دیگر پبلشرز کی جانب سے شایع ہوتے رہے ہیں ،لیکن مناسب قیمت کی حامل مذکورہ کتاب نہایت اچھی کاوش ہے۔