اسلام آباد......سپریم کورٹ میں سابق جسٹس عبدالحمید ڈوگر کی مشرف غداری کیس میں خصوصی عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل پر فیصلہ آج سنایا جائے گا۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ فیصلہ سنائے گا۔
پرویز مشرف کے وکیل فروغ نسیم نے دلائل دئیے تھے کہ وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں کہا کہ وہ سنگین غداری کیس میں ازسرنو تفتیش کے لیے تیار ہے۔ جب وفاق ازسرنو تفتیش کے لیے تیار ہے تو فریقین کا یہ کہنا کہ عدالت کو اختیار نہیں ، بے بنیاد ہے۔
اٹارنی جنرل نے موقف اختیار کیا تھا کہ یہ وفاقی حکومت کا اختیار ہے کہ وہ ملزمان کا نام شامل تفتیش کرے اور وفاق اپنے موقف پر قائم ہے کہ پرویز مشرف ایمرجنسی کے اکیلے ذمہ دار ہیں ۔ سپریم کورٹ نے 24فروری کو فیصلہ محفوظ کیا تھا ۔