برسلز (حافظ انیب راشد ) ہاکی کا ورلڈ کپ جیتنے کے بعد بلجیم کی ہاکی ٹیم کا وطن واپسی پر برسلز میں والہانہ استقبال کیا گیا۔ ہزاروں افراد سینٹرل کمیون (1000 برسلز ) میں اکٹھے ہوگئے۔ مئیر فلپ کلاز اور دیگر حکام نے ٹیم کا استقبال کیابعد ازاں ٹیم کے ارکان باری باری گیلری میں آتے رہے اور عوام ان کا استقبال کرتے رہے۔ سب سے آخر میں ٹیم کے کیپٹن ٹرافی کے ساتھ نمودار ہوئے جس کے بعد عوام کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ لوگوں نے انتہائی خوشی اور نعروں کے ساتھ ان کا استقبال کیا۔ قومی ترانے کے ساتھ تقریب اختتام پذیر ہوگئی۔ اس موقع پر بلجیم کی فضائیہ کے چار طیاروں نے فلائی پاسٹ بھی کیا۔ قبل ازیں منگل کی صبح 6 بجکر 45 منٹ پر جب قومی ہاکی ٹیم وطن واپس پہنچی تو انہیں سیدھا شاہی محل لے جایا گیا جہاں کنگ فلپ اور کوئین ماتھلڈ نے انہیں خوش آمدید کہا۔ یاد رہے کہ ہاکی کی تاریخ میں بلجیم کی یہ پہلی سب سے بڑی جیت ہے جو اس نے انڈیاکے شہر بھوبھانشیور میں نیدر لینڈ کے خلاف 2 کے مقابلے میں 3 گول سے حاصل کی۔