حال ہی میں بالی ووڈ اداکارہ سے شادی کرنے والے امریکی گلوکار نک جونس نے اپنے بڑے بھائی بھابھی کی شادی کی سالگرہ پر انکشاف کیا ہے کہ انہیں نو سال قبل ہونے والی بڑے بھائی کی شادی پر شرکت کرنے سے شرم آرہی تھی۔
سوشل میڈیا پر بڑے بھائی بھابھی کو شادی کی سالگرہ پر مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے اس راز سے پردہ ہٹادیا۔انہوں نے لکھا کہ وہ سترہ سال کے تھے جب ان کے بڑے بھائی کیون جونس کی شادی ہوئی۔ ان دنوں ان کے ماتھے پر بڑا سا پھوڑا نکلا ہوا تھا جس سے ان کا چہرہ بد نما لگ رہا تھا۔
انہوں نے لکھا کہ وہ اس دانے کے ساتھ تقریب میں شریک چار سو مہمانوں کا سامنا کرتے شرما رہے تھے اور اوپر سے شادی پر جو تصویریں کھنچتیں اس سے دنیا میں ان کی کیا عزت رہ جاتی۔
انہوں نے مزید لکھا کہ یہ میرے بھائی بھابھی ہی تھے جنہوں نے مجھے تسلّی دی اور میری حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ’تمہارے اس دانے پر کوئی توجہ نہیں دے گا، بے فکر رہو‘جس کے بعد میں نے بہتر محسوس کیا اور بغیر کسی شرم کے شادی میں شرکت کی۔‘
نک جونس کا کہنا تھا کہ میرا دانا تو کچھ دن بعد ٹھیک ہو گیا مگر میرے بھائی بھابھی کی محبت مجھے آج تک یاد ہے۔ان کے میٹھے الفاظ آج تک میں محسوس کر سکتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ’جیسا کہ میں بھی اپنی خوبصورت دلہن کے ساتھ اپنی زندگی کا نیا باب شروع کر چکا ہوں تو میں شکر گزار ہوں کہ میرے سامنے ان کی بہترین شادی کی مثال موجود ہے۔‘