دنیا کے بیشتر ممالک کی مثال لے لیں، وہاں ایک نہیں کئی عقائد، رنگ و نسل، زبان اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد پر مشتمل ریاست قائم ہوگی۔ مختلف مذاہب کے پیروکار نہ صرف مختلف عقائد رکھتے ہیں بلکہ ان کے تہوار بھی مختلف دنوں اور مواقع پر منائے جاتے ہیں۔ اسی طرح کرسمس بھی مسیحی برادری کا ایک ایسا تہوار ہے، جسے اہل کلیسا سال کی ’دوسری عید‘کے طور پر مناتے ہیں۔ اس دن عام طور پر دنیا کے بیشتر ممالک میں عام تعطیل ہوتی ہے۔ اس دن کی تیاریاں عیسائی مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد د سمبر کےآغازسے ہی شروع کردیتے ہیں جبکہ رشتہ داروں میں کرسمس کارڈ بھیجنے کا سلسلہ نومبرکے آخری دوہفتوں سے ہی شروع کردیا جاتا ہے۔ کہیں گھر کی سجاوٹ تو کہیں لذیذ پکوانوں کی خوشبو کرسمس کے تہوار کی رونقوں میں اضافہ کردیتی ہے ۔
کرسمس سیلیبریشن کی بات کی جائے تو دنیا کے تمام ملکوں میں یہ تہوار مختلف طریقوں سے منایا جاتا ہے۔ تاہم عبادات کرنا، کیک کاٹنا، کرسمس ٹری سجانا، چرنی کی تیاری، کرسمس کینڈل روشن کرنا، نت نئے اور میٹھے پکوان بنانا، دعوتوں کا انعقاد کرنا، سانتا کلاز اورتحفے تحائف کی تقسیم کرسمس کے حوالے سے خاص اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔ دسمبر کے وسط میں ہی مسیحی برادری رشتے داروں اور دوست احباب میں کیک بھیجنے کا سلسلہ شروع کردیتی ہے۔ یہ روایت دراصل کرسمس سیلیبریشن کا آغاز کہلاتی ہے، جو کہ نئے سال کی آمد تک جاری رہتی ہے۔24دسمبر کی رات مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد چرچ کا رُخ کرتے ہیں،جہاںرات10بجے عبادت شروع ہوجاتی ہے، جو کہ 12:30تک جاری رہتی ہے۔ اس دوران یہ لوگ ایک دوسرے کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہیں اور چرچ سے واپسی کے بعد مسیحی خواتین ہاتھوں میں مہندی لگانے اور دیگر تیاریوںکا سلسلہ شروع کردیتی ہیں۔ اس رات رت جگا کرکے تمام تیاریاں مکمل کی جاتی ہیں، جن کی تفصیل کچھ یوں ہے۔
کرسمس ٹری : ان تیاریوں میں کرسمس ٹری کی سجاوٹ خاص اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔ یہ سجے ہوئے درخت کرسمس کے دن کیلئے گھر کے اندر یا باہر کسی بھی جگہ لگا دیے جاتے ہیں۔ بچے اور بوڑھے سب ملکر جوش وجذبے کے ساتھ کرسمس ٹری کی سجاوٹ میں حصہ لیتے ہیں۔ سجاوٹ کے لیے مصنوعی یا پھر قدرتی دونوں قسم کے درختوں کا انتخاب کیاجاتا ہے۔ قدرتی درختوں میںکرسمس ٹری کی سجاوٹ کے لیےصنوبر، ایروکیریا یاپھردوسرے صدا بہار درختوں کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ مسیحی خاندان کے افراد بچوں اور مہمانوں کو دیے جانے والے تحائف ایک دن قبل ہی اس درخت کے نیچے رکھ دیتے ہیں،جسے کرسمس ڈے یا پھر باکسنگ ڈے (26دسمبر)کے دن کھولا جاتا ہے۔
گھر کی سجاوٹ :کرسمس ٹری کے ساتھ ساتھ گھر کی سجاوٹ بھی اس تہوار کی رونق دوبالا کردیتی ہے تاہم اگر آپ اس ضمن میں پریشان ہیں کہ گھر کو کس طرح سجایا جائے تو ان مشوروں پر عمل کرسکتے ہیں۔
٭کرسمس ڈے پر مہمانوں کے استقبال کے لیے کرسمس پلانٹ پر غورکیا جاتا ہے، اس سلسلے میں داخلی حصے کو کام میں لاتے ہوئےدروازے کے دونوں اطراف پودوں کا اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ پودوں کی کٹائی یا تراش خراش کے ساتھ ان میں روشنیوں کا اضافہ کرتے ہوئے داخلی حصے کی زینت بنادیں اور مہمانوں کو شاندار انداز میں خوش آمدید کہیں۔
٭ڈائننگ ٹیبل کی سجاوٹ کے طور پردو سے تین کینڈل ہولڈر ڈائننگ ٹیبل کی زینت بناکے ان میں لال رنگ کی خوبصورت اور تھوڑی چوڑی موم بتیوں کا اضافہ کریں۔ موم بتیوں کے علاوہ صنوبر کے درخت کی خوبصورت شاخوں کو بھی ڈائننگ ٹیبل پر جابجا رکھ کرکرسمس کے موقع پرخوبصورتی بکھیری جاسکتی ہے ۔
٭ گھر میں موجود فولڈنگ ٹیبل کو اسنوئنگ ٹری کی صورت ایک دلکش انداز میںپیش کیا جاسکتا ہے۔ اس کے لیے ٹیبل کی اوپری سطح کو روئی سےبھردیں اور اس میز پر آرائشی اشیا یاپھر ڈیکوریشن ٹری کے ہمراہ ایل ای ڈی لائٹ کا اضافہ کردیں، اس طرح سجاوٹ کو ایک نیا رخ دیا جاسکتا ہے۔
٭ سجاوٹ کے لیے گھر کی سیڑھیوں اور گھر کے پلرز کو بھی کام میں لایا جاسکتا ہے۔ اس سلسلے میں لال اور سبز رنگ کے پھول پودوں سے ریلنگ کو سجایا جاتا ہے۔
چرنی کی سجاوٹ: کرسمس کے موقع پرگھروں اور گرجا گھروں میں چرنی کی سجاوٹ بھی ا س تہورارکا حصہ ہوتی ہے۔ چرنی کی سجاوٹ عام طور پر حضرت عیسٰیؑکی پیدائش سے قبل کے مناظر کی عکاسی کرتی ہے۔ بچے کی شبیہ، بھیڑ بکریوں کی موجودگی میں حضرت عیسٰیؑ کی پیدائش اور کسی اہم واقع کی جانب اشارہ کرتی ہوئی چرنی بنائی جاتی ہے۔
کرسمس کا دن: مسیحی برادری کرسمس کے دن کا آغاز گرجا گھروں میں عبادت سے کرتی ہے۔ عبادتوں کا سلسلہ گرجا گھروں میں صبح8بجے سے شروع ہوکر 11بجے تک جاری رہتا ہے۔ گرجا گھروں میں سانتا کلاز کی آمد ہوتی ہے جو بچوں میں ٹافیاں، کھلونے اور تحائف تقسیم کرتے ہیں۔ عبادت کے بعد گھروں میں نت نئے اور لذیذ پکوانوں کی تیاری (مثلاً پلمپ کیک، کوکیز، مٹھائیاں اور دیگر پکوان) اور دعوتوں کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے۔ مہمانوں کی تواضع سویٹ ڈشز ، ڈرائی فروٹس اور لذیذ کھانوں سے کی جاتی ہے۔ اس دن مسیحی برادری رشتہ داروں اور دوست احباب کے علاوہ غریب اور مستحق افراد میں بھی تحفے تحائف اور نقد رقم تقسیم کرتی ہے، جس کا مقصد عیسائی عقیدے سے تعلق رکھنے والے تمام لوگوں کو کرسمس کی خوشیوں میں شریک کرنا ہوتا ہے۔