کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشیداحمدنے کہاہے کہ آصف زرداری اورشریف برادران کی شکلوں پر لکھا ہے کہ یہ ڈکیت ہیں ‘ بلاول بھٹو زرداری اپنے والد آصف علی زرداری کی سیاست کی بھینٹ چڑھ جائیں گے‘انہوں نے قوم کی جیبیں کاٹیں اور معزز کہلا رہے ہیں ، خورشید شاہ کی چیخیں بتا رہی ہیں ان کی بھی ڈیٹ فکس ہونے والی ہے، سکھرجیسے خوبصورت شہرمیں ایسے بدصورت لوگ پیدا ہوئے، شہبازشریف، نوازشریف سے بڑاڈاکو ہے ‘ جس کالونی میں منتخب وزراء رہتے ہیں اسی کالونی میں یہ چور رہ رہاہے‘شہباز شریف نے ہلکی پھلکی گوٹی فٹ کی ہے‘عمران خان سے سوفیصد امید ہے کوئی این آر او نہیں ہوگا‘میرے تعلقات نمبر ایک لوگوں سے ہوتے ہیں، چھوٹے موٹے لوگوں سے بات نہیں کرتا۔ سرکلر ریلوے متاثرین کوزمین دینے کے لیے تیار ہوں‘ اس پرلو گو ں کو بسانا سندھ حکومت کا کام ہے، ہمارے پاس پیسے نہیں ہیں۔تفصیلات کے مطابق شیخ رشید نے منگل کو یہاں مزار قائدپر حاضری دی‘پھول چڑھائے‘فاتحہ خوانی کی اور مہما نو ں کی کتاب میں تاثرات درج کیے ۔ بعد ازاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دورہ چین کے بعد اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ نواز شریف سے بڑا چور اور ڈاکو شہباز شریف ہے، ہماری بدنصیبی ہے کہ چور چوکیدار بن گئے ‘ ان کی شکلوں پر لکھا ہے کہ یہ ڈکیت ہیں‘بے نظیر بھٹو کی وصیت نوکرانی کے پرس سے نکلی لیکن آصف زرداری کی وصیت پتہ نہیں کہاں ہوگی۔تربوز کے سائز کے سر والے بچوں کا دماغ اندر سے خالی ہے۔ وکٹ کے دونوں طرف کھیلنے والے سیاست میں کامیاب ہوتے ہیں، ایسے لوگ اپنے فارمولوں کے خود موجد ہوتے ہیں۔