• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بینظیر بھٹوکی زندگی جمہوری جدوجہد سے عبارت ہے، پی پی کےکارکن آصف زرداری کی قیادت میں متحد ہیں، پرویز اشرف

برسلز (عظیم ڈار) پاکستان پیپلز پارٹی بلجیم نے بے نظیر بھٹو کی گیارہویں برسی برسلز میں مسعود کھوکھر کی رہائش گاہ پر عقیدت و احترام سے منائی۔ پروگرام کا آغاز امان کھوکھر نے تلاوت کلام پاک کے ساتھ کیا اور آقا نامدارﷺ کے حضور چوہدری افتخار عرف پابلو نے عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ پروگرام میں سابق وزیراعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف نے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے بے نظیر بھٹو کی شہادت کے دن کو سیاہ دن قرار دیا اور کہا کہ بی بی کی ساری زندگی جمہوری جدوجہد سے عبارت ہے۔ انہوں نے اپنے والد ذوالفقار علی بھٹو کے راستے کو اختیار کیا اور ملک و قوم کی خاطر قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان سے محبت کرنے والے لوگ ہیں اور اداروں کا کا احترام کرتے ہیں۔ حالانکہ پیپلز پارٹی کو نامساعد حالات میں جب حکومت ملی تو پی پی نے بڑی جواں مردی کے ساتھ حالات کا مقابلہ کیا اور پیپلز پارٹی میں ایک نئی روح پھونک دی۔ انہوں نے کہا کہ اب پی پی پی کے کارکنان آصف علی زرداری کی قیادت میں متحد ہیں، جنہوں نے بی بی کی شہادت کے بعد پارٹی کو پارہ پارہ ہونے سے بچایا اور انتخابات کے ذریعے جمہوری عمل کو رواں دواں کیا۔ خالد حمید فاروقی نے کہا کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے جمہوریت، انصاف، آزادی صحافت اور جس مشن کی خاطر بے نظیر بھٹو نے جام شہادت نوش کی اس راستے پر چلنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی بھی پارٹی کی حمایت یا مخالفت کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ سیاسی کارکن بڑی مشکل سے بنتے ہیں۔ پی پی پی بلجیم کے سینئر رہنما مسعود کھوکھر نے کہا کہ ہم بی بی شہید کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھتے ہوئے ان کے راستے پر چلنے کی کوشش کریں گے۔ سینئر رہنما اطہر بلتی نے کہا پی پی پی بلجیم متحد ہے اور بی بی شہید کی گیارہویں برسی پر ان کی لک کے لیے قربانیوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ سینئر رہنما چوہدری جاوید نے کہا کہ برسی کے موقع پر ہم عہد کرتے ہیں کہ جو ذوالفقار علی بھٹو کی سوچ اور ویژن تھا اور جس مشن کو بی بی آگے لے کر بڑھیں، انہی افکار کی روشنی میں پی پی پی کے کارکنان اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ عمران ثاقب نے کہا کہ آج بھی وہی نظام جو 1973ء 1977ء اور 2007ء میں بھی تھا۔ اسی کے تحت کام چلاتے رہے۔ ہمیں لائحہ عمل تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ وگرنہ قوم دیکھ چکی ہے کہ بڑی بڑی قربانیاں دینے کے باوجود ہم ملک میں تبدیلی لانے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ انہوں نے بے نظیر بھٹو کی ملک کے لیے قربانیوں کو لازوال قرار دیا۔ سینئر رہنما زبیر اعوان نے کہا کہ پی پی پی کی حکومت جتنا عرصہ بھی رہی اس عرصہ میں کوئی ایک بھی سیاسی قیدی نہیں تھا۔ انہوں نے بی بی کے ایصال ثواب کے لیے دعائیں کیں۔ سینئر رہنما چوہدری افتخار عرف پابلو نے کہا کہ بے نظیر بھٹو سمیت بھٹو خاندان نے پاکستان کی بقا اور ترقی کی خاطر قربانیاں دیں۔ شیراز بٹ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک میں جمہوریت کی بالادستی اور عوام کی خاطر کوشش کیں۔ پروگرام کے اختتام پر ظفر مغل نے بے نظیر بھٹو سمیت بھٹو خاندان کے لیے خصوصی دعائیں کیں ۔

تازہ ترین