واشنگٹن ......وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کو نظرانداز کرنے کی وجہ سے ہم پیچھے رہ گئے، علم پر مبنی معیشت قائم کرنے کیلئے کوشاں ہیں، ہائرایجوکیشن کا بجٹ 2 سال میں 48 ارب روپے سے 78 ارب روپے کردیا ہے۔
یونیورسٹی آف پنسلوانیا کے پاکستانی طلبا و طالبات سے خطاب میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان امید کی کہانی بن کر ابھر رہا ہے، کچھ رہنمائوں اور اینکروں کو ہر چیز ستیاناس اور بیڑہ غرق نظر آتی ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی نے مزید کہا کہپاکستانی قوم میں مثبت توانائی پیدا کرکے ہی مسائل کو شکست دی جاسکتی ہے، ہمیں پاکستان کی بہتر ہوتی معیشت، توانائی اور امن کی صورتحال کو دنیا کو پیش کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر ضلع میں یونیورسٹی کیمپس قائم کیا جائے گا، یہ دور معاشی نظریات کی جنگ کا ہے، ہمیں زیادہ محنت، بہتر معیار اور ٹیکنالوجی پر دسترس کے ایجنڈے پر چلنا ہوگا۔