کراچی کے علاقے لائنز ایریا میں فائرنگ کے نتیجے میں مہاجر قومی موومنٹ کا کارکن جاں بحق ہوگیا، 30 برس کے حماد کو گھر کے باہر ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا۔
ادھر چنیسر گوٹھ، یونیورسٹی روڈ اور پی آئی بی کالونی میں 2 زخمی ملزمان سمیت6 کو گرفتار کرلیا گیا، نارتھ کراچی میں شہری سے دن دیہاڑے لوٹ مار کی گئی۔
کراچی میں ٹارگٹ کلنگ نہ روکی جاسکی، رات گئے لائنز ایریا میں گھر کے باہر بیٹھے 30سالہ حماد کو نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور باآسانی فرار ہوگئے۔
پولیس کےمطابق مقتول مہاجر قومی موومنٹ کا کارکن اور کے ڈی اے میں ملازم تھا، جائے وقوع سے 9 ایم ایم پسٹل کے9 خول ملے ہیں۔
چنیسر گوٹھ میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 2ملزمان آصف اور یحییٰ کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، ملزمان کو اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث قرار دیا گیاہے۔
یونیورسٹی روڈ پر سفاری پارک کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں اسٹریٹ کرمنل عزت خان کو زخمی حالت میں ساتھی سمیت گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیاہے۔
ادھر خفیہ اطلاع پر عیسیٰ نگری کے علاقے میں مبارک نامی گٹکا فروش کے کارخانے پر چھاپا مارا گیا ہے، جس میں 30من مضر صحت گٹکا، چھالیہ، چونا پتی اور بیٹری کا پانی برآمد کر تے ہوئے 2ملزمان بھی گرفتار کیے گئے ہیں۔
نارتھ کراچی میں شہری لٹ گیا
کراچی میں اسٹریٹ کرمنلز کو لگام دینے میں بھی پولیس مکمل طور پر ناکام ہے، ایک ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی ویڈیو کے مطابق نارتھ کراچی میں موٹر سائیکل سوار دو ملزمان نے ایک شہری کو سر عام لوٹ لیا۔
شہری کو لٹتا دیکھ کر ایک اور خوف زدہ شخص اپنے گھر میں واپس داخل ہو گیا جبکہ کچھ دیر بعد موٹرسائیکل سوار ملزمان نے بھی واپسی میں ہی عافیت جانی۔