• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وقت کو منظم کرنے کیلئے جم روہن کی ٹپس

اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ وقت کو نہ تو بڑھایا جاسکتا ہے اور نہ ہی اسے کم کیا جاسکتا ہےلیکن اگر کوئی بھی ا نسان چاہے تو اسے منظم ضرور کرسکتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ کامیاب لوگ اپنی کا میابی کی اہم کلید ٹائم مینجمنٹ کو قرار دیتے ہیں ۔ٹائم مینجمنٹ کی قدروقیمت کا انداز ہ نپولین کے اس قول سے بھی لگایا جاسکتا ہے جس میں اس کا کہنا تھا،’’ میں چاہے کوئی بھی مقابلہ ہار جاؤں، مگر میں کبھی ایک لمحہ نہیں ہاروں گا‘‘۔ یہ اور اس جیسے بہت سے اقوال ہم بچپن سے اپنی نصابی کتابوں میں پڑھتے آ ئے ہیں اور اقوالوں کے پیش نظر ہم ٹائم مینجمنٹ کی اہمیت کو سمجھتے بھی ہیں لیکن اسے مینیج پھر بھی نہیں کرپاتے۔ آج ذکر کرتے ہیں ایک ایسے کامیاب امریکی انٹرپرینور ، موٹیویشنل اسپیکر اور رائٹر جِم روہن کی مینجمنٹ ٹپس کا جنہوں نے کامیابی کےلیے زندگی پر کنٹرول کرنا سیکھا اور زندگی کو کنٹرول کا پہلا قدم ہی وقت کو منظم کرنا ہے۔ اس سلسلے میں جم روہن ایک عام آدمی کو کیا مشورے دیتے ہیں آئیے جانتے ہیں۔

موٹیویشنل اسپیکر جم روہن ٹائم مینجمنٹ کے میدان میں ایک بہترین اور متاثر کن شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ ان کی ٹپس اور ٹرکس ہزاروں افراد کے لیے کامیابی کی کنجی ثابت ہوئے ہیں۔ جِم روہن کہتے ہیں کہ مسئلہ یہ نہیں کہ ہمارے پاس معلومات کی کمی ہے بلکہ مسئلہ یہ ہے کہ ہم معلومات پر عمل کرنا مناسب نہیں سمجھتے۔ ہمارے اردگرد، اوپر نیچے معلومات کا دریا بہہ رہا ہے لیکن اس دریا سے پیاس نہ بجھنے کی وجہ عقل کا صحیح استعمال نہ کرنا ہے، اس ضرورت کو ٹائم مینجمنٹ کی صورت بہتر کیا جاسکتا ہے۔

زندگی کا مسودہ تیار کریں

جم روہن کے مطابق ٹائم مینجمنٹ پر مکمل عبور حاصل کرنے کیلئے ضروری ہے کہ انسان اپنی زندگی کے ہر پہلو کو ڈیزائن کرنے اور اس میں بہتری یا تبدیلی لانے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ اگر آپ اپنی ذاتی زندگی اور مقاصد کی منصوبہ بندی نہیں کرپاتے تو عین ممکن ہے کہ کسی بھی شخص کی مرتب کی ہوئی منصوبہ بندی کی جانب راغب ہوجائیں۔ ذرا غور کیجیے کہ کوئی آپ کے مقاصد کے لیے بھلا کتنا سوچ سکتا ہے۔ اس سے پہلے کہ زندگی آپ کے لیے حادثات ترتیب دے، آپ زندگی کو ترتیب دیں۔ کوئی بھی جہازمقصد( منزل) کا تعین کیے بغیر سمندر میں نہیں جاسکتا تو اتنی بڑی زندگی مسودے کے بغیر کیسے گزاری جاسکتی ہے۔ ہر دن مخصوص اوقات کے ساتھ گزرتا ہے، اس دن کے آغاز سے قبل ہی مقاصد کی منصوبہ بندی کی جائے۔

مقاصد کو لفظوں کی شکل دیں

آپ نے کیا حاصل کرنا ہے ؟کیسے کرنا ہے اور کتنے وقت میں کرنا ہے؟مقاصد کے تعین کے بعد ان کو لفظوں کی شکل دینا ضروری ہے۔یہ الفاظ کسی ڈاکیومنٹ، کسی ایپ یا پھر کسی بھی قلم کی صورت بھی ترتیب دیے جاسکتے ہیں۔ یہ صرف ایک رائے ہی نہیں بلکہ آپ کا وہ سرمایہ ہے، جو کسی بھی جگہ ،کسی بھی وقت آپ کی یادداشت کو تروتازہ اور آپ کو پر عزم بناسکتا ہے۔ آپ کے لکھے گئے مقاصد اگلے مرحلے کی قیادت کریں گے، جب تک آپ ان مقاصد کو حاصل نہیں کرپاتے۔

’’جو لوگ وقت کو کنٹرول نہیں کرپاتے وقت انہیں کنٹرول کرلیتا ہے ‘‘۔ کیا آپ نے کبھی ایک ایسے دن کا تجربہ کیا ہے، جس میں آپ نے پورا دن وقت کی منصوبہ بندی نہ کی ہو حتٰی کہ رات ہوجائے اور آپ کچھ بھی نہ کرپائیں؟ ہم میں سے زیادہ ترلوگوں کی زندگی اسی دائرہ کارکے گرد گھومتی نظر آتی ہے،جن کے پاس وقت کی کوئی منصوبہ بندی ہے اور نہ ہی زندگی گزارنے کا کوئی مقصد۔ زندگی کے ہر لمحے کو کسی خاص مقصد یا کام کے لیے مختص کیجیے، جس دن آپ وقت پر کنٹرول کرلیں گے اس دن آپ کامیابیوں اور ناکامیوں سےبھی بآسانی نمٹ پائیں گے۔

کام کے مشکل بننے کا انتظار مت کیجیے

ہم اکثر یہ الفاظ سنتے ہیں، ’’آہ !یہ تو اتنا آسان ہے۔ اس آسان سے کام کے لیے منصوبہ بندی کی کیا ضرورت؟یہ تو کبھی بھی ہوجائے گا یا پھر اگلے دن کرلیا جائے گا‘‘۔ یہی طرزِ عمل ہمارے آسان سے آسان کام کو بھی مشکل سے مشکل بنادیتا ہے، جو کہ ہمارے معاشرے کا ایک المیہ ہے۔ کوئی بھی کام چاہے جتنا بھی آسان ہو، اسے کل پر مت چھوڑیںکیونکہ کل پر چھوڑے گئے کاموں کی فہرست رائی سے پہاڑ بن جاتی ہے۔ سمجھنے کیلئے عام سی بات یہ کہ ایک سیب روزانہ کھائیں اور صحت مند رہیں۔

مقاصدکی ترتیب سے متعلق مطالعہ

یہ عمل آپ کو حقیقی اہداف پر توجہ مرکوز کرنے اور غیر حقیقی اہداف میں وقت کو ضائع ہونے سے بچائے گا ۔اپنے مقاصد کا روزانہ کی بنیادوں پر مطالعہ کریں ۔اس سلسلے میں امریکن ڈیرک ملز کا ’ڈیلی اسٹینڈرڈسسٹم‘ کا مطالعہ بہترین ثابت ہوسکتا ہے۔

تازہ ترین