• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گزشتہ چند دہائیوں سے ویڈیو گیم انڈسٹری نے بہت تیزی سے ترقی کی ہے اور آمدنی کے حوالے سے بھی انٹرٹینمنٹ کی دنیا میں گیم ڈویلپمنٹ بہت پُرکشش ہوتی جارہی ہے۔ اس انڈسٹری میں اگر کام کرنے کی بات کی جائے تو اب اس کو باقاعدہ کیریئر کی شکل دی جارہی ہے اورمنظم طریقے سے ملازمتوں کا تعین کیاجارہاہے جو کہ پہلے نہیں تھا۔

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی ایسے تعلیمی ادارے ہیں، جو گیم ڈیزائننگ یا گیم ڈویلپمنٹ کی تعلیم دے رہے ہیں۔ اگر آپ تخلیقی ذہن کے مالک ہیں، لوجکس سمجھتے ہیں، گیمزکھیلنے اورسمجھنے کا تجربہ رکھتے ہیں تو آپ جدید ٹولز اور سوفٹ ویئرز کے ذریعے نئے گیمز تیار کرسکتے ہیں اور ملک میں یا ملک سے باہر بھاری معاوضے پر کام کرسکتے ہیں۔ آئیں دیکھیں کہ گیم ڈیزائننگ میں آپ کی صلاحیتوں کے مطابق کونسے راستے کھلے ہیں۔

گیم اینیمیٹر

اینیمیشن کسی بھی گیم کی بنیاد ہوتی ہے، چاہے وہ 2Dہو یا 3D۔ اینیمیش کے ذریعے ہی گیم کے کرداروں اور عوامل میں زندگی لائی جاتی ہے۔ البتہ اینیمیشن کی بھی حدہوسکتی ہے، جو پروڈکشن کمپنی کی ہیئت اور بجٹ پر منحصر ہوتی ہے۔

گیم اینیمیٹر کیریئر پاتھ :اب جبکہ گیم سینیمیٹک نیچر والے بن رہے ہیں تو کوالیفائیڈ پروفیشنلز کی مانگ بھی بڑھ رہی ہے ۔نت نئے سوفٹ ویئرز اپنانے اور طلبا کو تیز رفتاری سے سِکھانے کیلئے ادارے بہت کاوشیں کررہے ہیں۔ اس کام کا ایک فائدہ یہ ہے کہ ا س میں آپ کو تکنیکی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ تخلیقی مہارتوں کا بھی استعمال کرنا ہوتاہے۔ ایک مشکل اس میں ضرور ہوتی ہے کہ آپ کو ڈیڈ لائن پوری کرنے کیلئے بہت زیادہ کام کرنا پڑسکتاہے اور اپنی نیندکی بھی قربانی دینی پڑ سکتی ہے۔

گیم اینیمیٹر کا معاوضہ:بحیثیت اینیمیٹر اگر آپ کے پاس 3سے6سال کا تجربہ ہے تو آپ کو دیار غیر میں سالانہ50ہزار ڈالر تک آمدنی حاصل ہو سکتی ہے اور پاکستان میں بھی آپ کی تنخواہ چھ ہندسوں میں ہونے کے قوی امکانات ہیں۔

گیم آڈیو انجینئر

کسی بھی گیم میں سائونڈ ٹریک، وائس اوور اور آڈیو ایفیکٹس شامل ہوتے ہیں۔ اگر آپ کی دلچسپی میوزک اور سائونڈ ٹریک میں ہے تو آپ یہ فیلڈ بھی اختیار کرسکتے ہیں۔

گیم آڈیو انجینئرنگ کیریئر پاتھ :اس شعبے کے لیے سائونڈ انجینئرنگ کی ڈگری رکھنے والے کو ترجیح دی جاتی ہے، تاہم ایک آڈیوا نجینئرکا پورٹ فولیواور تجربہ رکھنے والا بھی پرکشش معاوضے پر اس انڈسٹر ی میں کام کرسکتاہے۔ گیم کے ڈیزائن کے مطابق اوریجنل اور خوبصورت میوزک کمپوز اورپرفارم کرنے کی صلاحیت آپ میں ہونی چاہئے۔ اس ضمن میں آپ کو مختلف فنکاروں کے ساتھ میوزک بھی ریکارڈ کروانا پڑتاہے۔

گیم آڈیو انجنیئرکا معاوضہ :ویڈیو گیم آڈیو، میوزک انڈسٹری میں تیزی سے ترقی کررہی ہے اور اس میںسخت مقابلہ ہے۔ ایک جونیئر آڈیو اسسٹنٹ کو 20ڈالر فی گھنٹہ ( جو سالانہ 30ہزار ڈالر بھی ہوسکتے ہیں) کے حساب سے مل جاتے ہیں جبکہ پروفیشنل اور تجربہ کار آڈیو انجینئرکی آمدنی اس سے دگنی ہو سکتی ہے۔

گیم ڈیزائنر

گیم پروڈکشن پروسیس میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے گیم ڈیزائنرز دن رات محنت کرتے ہیں اور اپنے کونسیپٹس کو کھیلنے کے قابل بنانے کیلئے انتھک محنت کرتے ہیں۔

گیم ڈیزائنر کیریئر پاتھ : گیم ڈیزائن اسکول سے گریجویٹ کرنے والے گیمنگ انڈسٹری میں ہاتھوں ہاتھ لیے جاتے ہیںاور انھیں کسی راک اسٹا ر کی طرح ٹریٹ کیا جاتاہے۔ عوام بھلے آڈیو انجینئر کا نام نہ جانتے ہوں لیکن گیم تخلیق کرنے والوں کے نام، جیسے نوچ اور جان رومیرو کا نام، سب کو معلوم ہے۔ اس فیلڈ میں ڈیڈلائن پوری کرنے کا پریشر بہت ہوتاہے ۔

گیم ڈیزائنر کا معاوضہ :گیم ڈیزائنر کا معاوضہ50ہزار سے 120ہزار ڈالر سالانہ ہوسکتاہے، جس میں اسٹوڈیو سائز کے ساتھ ساتھ آپ کے سینئر ہونے کی وجہ سے بے پناہ اضافہ ہو سکتاہے۔

گیم پروگرامر

ڈیزائنر گیم کا خواب دیکھتا ہےاور پروگرامر اس کی تعبیر دیتاہے۔ اس کی بھی بہت زیادہ اہمیت ہے کیونکہ اچھی پروگرامنگ گیم کو ’بَگ فری‘ بناتی ہے۔

گیم پروگرامر کیریئر پاتھ :اس کیلئے تو آپ کو ++C لینگویج آنا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ دیگر پروگرامنگ لینگویجز ، کمپوٹرسائنس کی ڈگری اور تجربہ بھی لازمی ہے۔ پروگرامر اینیمیشن کے ساتھ ہونے والی کوڈنگ کو دیکھتاہے کہ آیا یہ کام کررہی ہے یا نہیں۔

گیم پروگرامر کا معاوضہ :اگر آپ کے پاس تین سال کا تجربہ ہے تو آپ کی متوقع تنخواہ 70 ہزار سےایک لاکھ ڈالر سالانہ تک ہوسکتی ہے۔

تازہ ترین