وزیر ریلوے شیخ رشید نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے استعفیٰ کا مطالبہ کردیا۔
وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام جرائم پیشہ افراد سے آصف زرداری کے رابطے ہیں، آگے آگے دیکھئے ہوتا ہے کیا۔
انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ کو مستعفی ہوجانا چاہیے، اتنا بڑا گند نکلا ہے، ہر شخص کا احتساب ہونا چاہیے، میرا خیال تھا کہ بلاول اپنے والد کی پچ پر نہیں کھیلیں گے۔
وفاقی وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ آصف زرداری نے کرمنالوجی میں پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے، اگر آصف زرداری نے بلاول کو استعمال کیا تو یہ افسوسناک ہوگا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ای سی ایل میں جانے والوں کو اللہ کی طرف سے سزا مل رہی ہے، مارچ سے پہلے پہلے سارے گندے انڈے اکٹھے ہو جائیں گے، پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ مارچ سے پہلے پہلے جھاڑو پھر جائے گی۔
شیخ رشید نے کہا کہ دوسرے چوروں کو 7 سال کی قید ہوتی، ہم میں چور نکلے تو انہیں 14 سال قید ہونی چاہیے،کوئی پی ٹی آئی والا بھی احتساب کی زد میں آتا ہے تو ضرور کارروائی ہونی چاہیے۔