کشمور (این این آئی، جنگ نیوز) سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہماری تاریخ میں ملک اور ملکی ترقی کیلئے کام کرنیوالوں کیساتھ اسٹیبلشمنٹ نے کبھی اچھا سلوک نہیں کیا، میرا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی ضرورت نہیں تھی ،میں نے تو ضمانت کے وقت ہی اپنا پاسپورٹ جمع کرادیا تھا،ای سی ایل کا ڈرامہ میڈیا کیلئے تھا، ہم چاہتے ہیں آپ کی حکومت چلے لیکن آپ خود ادارے تباہ کرنے پر لگے ہوئے ہیں، ہم اپنی دھرتی اور عوام کی خاطر لڑرہے ہیں، آپکے پاس عقل نہیں تو کیا کروں، ہم آگے بھی دیکھتے ہیں اور پیچھے بھی، ہم ہر قوم کا مزاج جانتے ہیں کس کیساتھ کس طرح چلنا ہے، ہم دھرتی کے بچے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمور میں پیپلزپارٹی کے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ بولی میری میٹھی ہے لیکن اسلام آباد میں بیٹھے گونگے بہروں کو مخاطب کرنے کیلئے اردو میں بولتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ گونگے بہرے نہیں سمجھتے، ہمیں یہ جتنا کاٹیں گے مارینگے ہم اور بڑھیں گے۔ انہوں نے بھٹو کو شہید کیا، اسکے باوجود بی بی کو نہیں روک سکے، دو مرتبہ بی بی کی حکومت گرائی گئی لیکن یہ میری حکومت نہیں گراسکے، میں نے پانچ سال حکومت کرکے دکھائی، پاکستان کیلئے کام کیے، ہم نے متفقہ طور پر بجٹ صوبوں میں بانٹا جس سے تمام صوبوں کو فائدہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں پانچ پل بنائے اب چھٹا بنائیں گے لیکن وہاں جو بیٹھے ہیں ان کو بات سمجھ نہیں آتی ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تاریخ میں جب بھی کسی نے ملک اور ملکی ترقی کیلئے کام کیا تو اسٹیبلشمنٹ نے ان سے اچھا سلوک نہیں کیا لیکن ہمیں اس سے فرق نہیں پڑتا، ہم اس سے نہیں ڈرتے۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی فیلڈز میری نہیں ہیں، ایک دن آئیگا جب سندھ اپنی کمپنی بنائیگا اور اپنی گیس نکالے گا جس طرح ہم نے کوئلہ نکالا اور اس میں عوام کو پارٹنر شپ دی، اس میں میرا کوئی حصہ نہیں، یہ دھندا آپ کا ہے ہمارا نہیں،آپ ہر چیز میں ٹانگ اڑاتے ہیں، ہم زار دار ہیں اور اپنے حال میں خوش رہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تم نے بینڈ بجانا ہے اور گانا گانا ہے تو کرو، دیکھتے ہیں، یہ راگ تب شروع کیاگیا جب الیکشن ہورہا تھا لیکن اس سے میرے ووٹر کے حوصلے پست نہیں ہوں گے، انہیں میری نیت پتا ہے، مجھے گڑھی خدا بخش میں دفن ہونا ہے، بھٹو اور بی بی کو حساب دینا ہے، ہم اپنی دھرتی اور عوام کی خاطر لڑرہے ہیں۔