• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ممتاز مصنف ،استاد’ ڈاکٹر سلیم اختر ‘ انتقال کرگئے

ممتاز مصنف، ادیب،کالم نگار،محقق،شاعر اور استاد ڈاکٹر سلیم اختر لاہورمیں انتقال کر گئے،ان کی عمر 84 برس تھی ، وہ کچھ عرصہ سے صاحبِ فراش تھے،انہوں نے 100سےزائد کتابیں تحریر کیں، طویل عرصہ گورنمنٹ کالج لاہور میں پڑھاتے رہے۔

ڈاکٹر سلیم اختر 11 مارچ، 1934ء کو لاہور میں پیدا ہوئے، انہوں نے میٹرک فیض الاسلام ہائی اسکول راولپنڈی سے 1951ء میں کیا، ایف اے اور بی اے گورنمنٹ کالج اصغر مال راولپنڈی اور ڈپلومہ آف لائبریری سائنس، ایم اے ،اردو، پی ایچ ڈی جامعہ پنجاب لاہور سے کی۔

تعلیم سے فراغت کے بعد شعبہ تعلیم سے وابستہ ہو گئے، مختلف ادبی رسالوں کے ساتھ بھی منسلک رہے۔

ڈاکٹر سلیم اختر نے بطور اردو لیکچرار پہلی ملازمت گورنمنٹ ایمرسن کالج ملتان میں کی، وہاں آٹھ سال رہنے کے بعد گورنمنٹ کالج لاہور چلے آئے،1994ء میں ریٹائرمنٹ کے بعد گیارہ سال جی سی وزیٹنگ پروفیسر کے طور پر پڑھاتے رہے۔

ڈاکٹر سلیم اختر نقاد ہونے کے ساتھ ساتھ بہترین تخلیق کار بھی تھے۔ ان کی کتاب’’ اردو ادب کی مختصر ترین تاریخ‘‘ اردو ادب کی اب تک لکھی گئی تاریخ میں ایک اہم حوالہ تصور کی جاتی ہے۔

ان کے موضوعات میں تحقیق ، تنقید ، افسانہ ، طنزو مزاح ، اقبالیات ،غالبیات ،مذہب ،سفر نامے، نفسیات، سوانح ، آپ بیتی اور نصاب شامل ہیں،ڈاکٹرسلیم اخترکو2008ءمیں حکومتِ پاکستان نے صدارتی اعزاز برائےحسنِ کارکردگی سے نوازا۔

ڈاکٹرسلیم اختر کی نماز جنازہ صبح ان کی رہائش گاہ جہانزیب بلاک اقبال ٹاؤن میں ادا کی جائے گی۔ انہوں نے بیوہ ،ایک بیٹا اور2بیٹیاں سوگوار چھوڑی ہیں۔

تازہ ترین