لاہور(نمائندہ جنگ) العزیز ریفرنس میں قید کی سزا کاٹنے والے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف سے ان کی صاحبزادی مریم نواز نے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کی،مریم نواز اپنے والد کیلئے کھانا اور دیگر سامان بھی لے کر آئیں ۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز نے اپنے والد سے احتساب عدالت کے فیصلے کو چیلنج کرنے اور گزشتہ دنوں وکلاء سے ہونے والی مشاورت کے حوالے سے گفتگو کی ۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر موجودہ سیاسی صورتحال سمیت اہم امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز نے دوپہر کا کھانا اپنے والد کے ہمراہ کھایا اور تقریباً جیل میں ڈیڑھ گھنٹے رہنے کے بعد واپس روانہ ہو گئیں۔