اسلام آباد (حنیف خالد) چینی سفارتخانے کے ڈپٹی چیف مشن یائو لی جیان نےاختتام سال سی پیک پراجیکٹس کی پراگرس جاری کی ہے۔ گوادر پورٹ کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ چائنا اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی COPHC‘ گوادر پورٹ اتھارٹی (GPA)اور سنگاپور پورٹ اتھارٹی نے 2013ء میں گوادر فری زون کی ترقی اور آپریشن کے تمام اختیارات سی او پی ایچ سی کے حوالے کئے۔ اب تک سی او پی ایچ سی نے گوادر پورٹ کی تزئین و آرائش پر 25کروڑ امریکی ڈالرز خرچ کئے ہیں۔ پانچ نئے جدید ترین اسٹیٹ آف دی آرٹ (Quay) کرینیں نصب کی ہیں۔ ایک لاکھ مربع میٹر کا سٹوریج یارڈ بنایا ہے۔ سمندری پانی کو میٹھا کرنے کیلئے جدید ترین ڈی سیلی نیشن Desalination پلانٹ نصب کیا ہے جو یومیہ 2لاکھ بیس ہزار گیلن سمندری پانی کو میٹھے پانی میں تبدیل کرنے کی صلاحیت کا حامل ہے۔