قومی شاہراہیں اور موٹر ویز گہری دھند کی لپیٹ میں ہیں، دھند کے باعث پنجاب کے شہر بورے والا،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور سندھ کے شہر خیر پور میں حادثات کے دوران ایک پولیس اہل کار سمیت 4 افراد جاں بحق اور 22 زخمی ہو گئے ۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ میں دھند کے باعث بس اور وین کے تصادم میں ایک شخص جاں بحق اور 5 خواتین سمیت 19 افراد زخمی ہوگئے۔
ادھر خیر پور میں بھی دھند کے باعث مسافر کوچ اور پولیس موبائل کی ٹکر ہو گئی،اس حادثے میں ایک پولیس اہل کار سمیت 2افراد جاں بحق اور 3زخمی ہوگئے۔
شدید دھند کے باعث موٹروے ایم ون رشکئی سے پشاور تک، لاہور سے کوٹ مومن تک اور ملتان خانیوال موٹر وے بھی بند کر دی گئی ہے۔
پنڈی بھٹیاں، فیصل آباد اور گوجرہ موٹر وے بھی شدید دھند کے باعث بند ہیں، گوجرانوالہ، خانیوال، ملتان، لودھراں، بہاولپور، اوکاڑہ سمیت پنجاب کے کئی علاقے دھند کی لپیٹ میں ہیں۔
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق مانگا منڈی، پتوکی، رینالہ خورد، اوکاڑہ، ساہیوال اور چیچہ وطنی سمیت دیگر علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں۔