بریڈ فورڈ (محمد رجاسب مغل) پاکستان ہماری پہچان ہے، اس کی آزادی میں ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیاں شامل ہیں، وقت آگیا ہے کہ اپنے وطن پاکستان کی قدر کریں اور اس پاک وطن کو ترقی کی منزلوں کی جانب گامزن کرکے صحیح معنوں میں اسے ایک نظریاتی اور مدینہ کی ریاست بنائیں، جس میں علامہ محمد اقبال اور قائداعظم محمدعلی جناح کے فرمودات کے مطابق سب کو مساوی حقوق حاصل ہوں، موجودہ حکومت تعلیم، صحت، انصاف اور معاشرے میں امن کو قائم کرنے میں برسر پیکار ہے، ان خیالات کا اظہار سپیکر قومی اسمبلی پاکستان اسد قیصر نے بریڈ فورڈ میں پاکستان تحریک انصاف یارکشائر اینڈ ہمبر کی جانب سے منعقدہ استقبالیہ کی تقریب میں کیا،ا سپیکر قومی اسمبلی کا بریڈ فورڈ پہنچنے پر قونصل جنرل آف پاکستان احمد امجد علی، سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ برطانیہ میں بسنے والے محب وطن پاکستانی اپنے وطن کے سفیر ہیں۔ برطانیہ میں اپنے مثبت کردار اور تعلیمی میدان میں آگے بڑھتے ہوئے اپنے وطن کا نام روشن کریں، نوجوان نسل یہاں کے قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے پاکستان کے سافٹ امیج کو بہتر بناسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لیے فخر کا مقام ہے کہ برطانیہ میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی برطانیہ کے ہر شعبے میں آگے ہے، آج برطانوی پارلیمنٹ میں درجنوں پاکستانیوں کی نمائندگی اور مقامی کونسلوں میں لارڈ میئرز اور کونسلروں کی بڑی تعداد اس کا ایک بہت بڑا ثبوت ہے۔ موجودہ حکومت گڈ گورنس کی کوشش کررہی ہے۔ پی آئی اے سمیت دیگر قومی ادارے جو زبوں حالی کا شکار ہیں ان کو مضبوط کرنے میں حکومت ترجیحی بنیادوں پر قائم کررہی ہے۔ موجودہ عدلیہ آزاد اور خودمختار ہے، بغیر کسی دبائو کے کام کررہی ہیں۔ وہ بحیثیت اسپیکر غیر جانبداری سے کام کررہے ہیں۔ تمام ممبران پارلیمنٹ کو ساتھ لے کر چل رہا ہوں۔ یہ بحیثیت اسپیکر نہ صرف میری ذمہ داری ہے بلکہ عوام کا نمائندہ جسے عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے پارلیمنٹ میں بھیجا اس کو برابری کی سطح پر پارلیمنٹ میں موقع دیا جاتا ہے تاکہ وہ صحیح معنوں میں پارلیمنٹ میں اپنی نمائندگی کا حق ادا کرسکے اور ووٹ کے تقدس بھی قائم رکھ سکے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مسئلہ کشمیر پر معذرت خواہانہ رویے کی بجائے کشمیر کے لیے عالمی سطح پر بھرپور آواز بلند کی ہے۔ برطانیہ میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے والی تنظیمیں اپنا نمایاں کردار ادا کررہی ہیں۔ کشمیرکاز کے لیے اوورسیز کمیونٹی کی جانب سے بلند کی جانے والی آواز کا اثر پوری دنیا میں ہورہا ہے۔ تحریک آزادی کشمیر کے لیے لاکھوں کشمیریوں نے قربانیاں دی ہیں۔ ان کی یہ عظیم قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔ اس موقع پر کمیونٹی کی جانب سے پاکستان میں انہیں درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے اوورسیز کمیونٹی کو اسلام آباد ائر پورٹ پر مسائل کے علاوہ دیگر مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ اوورسیز کمیونٹی نے اسپیکر کو سرمایہ کاری کے حوالے سے ایک محفوظ اور مربوط نظام فراہم کرے، تاکہ یہاں سے نہ صرف آسانی سے سرمایہ وطن بھیج سکیں بلکہ ہماری نسلیں بھی اپنے وطن جانے میں دلچسپی لیں۔ استقبالیہ کی تقریب سے قونصل جنرل احمد امجد علی، پاکستان تحریک انصاف یارکشائر اینڈ ہمبر کے صدر خواجہ طاہر ایوب پاکستان تحریک انصاف کے میڈیا کوآرڈینیٹر آصف خان، شرجیل ملک، نویدہ اکرام، جموں و کشمیر تحریک خود ارادیت انٹر نیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین، کونسلر صبیحہ خان، کونسلر کنیز اختر اور کمیونٹی کے دیگر رہنمائوں نے اسپیکر قومی اسمبلی کو اپنے خطاب میں خوش آمدید کہا، استقبالیہ کی تقریب میں پاکستان طلب اور یارکشائر پاکستان سوسائٹی کے نمائندگان کے علاوہ مقامی کاروباری کمیونٹی جن میں افتخار احمد، راجہ شیراز اختر، سابق چیف جسٹس آف لاہور ہائی کورٹ حامد علی شاہ، مطیع اللہ جان، فیصل خان، قاسم اعوان، حاجی مصدق، یعقوب مسیح، راجہ نثار احمد، عابد حسین، محمدعلی، آصف جدون، شیر خان، کونسلر محمد رفیق، ڈاکٹر غلام عباس، محمد ادریس کے علاوہ کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر شیڈو وزیر بیرسٹر عمران حسین نے بھی اسپیکر قومی اسمبلی سے خصوصی ملاقات کی اور انہیں برطانوی پارلیمنٹ کے دورے کی دعوت دی۔ بعدازاں اسپیکر قومی اسمبلی بریڈ فورڈ میں پاکستان تحریک انصاف کے دفتر کا بھی دورہ کیا اور پارٹی کارکنوں سے اظہار خیال کیا۔