سابق وزیرقانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا کہ شیخ رشید کے پاس دو ارب روپے کی جائیداد ہے ، اس کے ثبوت حاصل کرلیے ہیں، شيخ رشید نے لوگوں کے پیسے دینے ہیں، لوگ ان سے رابطہ کررہے ہیں کہ وہ شیخ رشید سے متعلق بیان حلفی دینے کو تیار ہیں۔
مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ اور مشاہداللہ خان نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ شیخ رشید نوازشریف کےووٹ پر منتخب ہوئے، 6مرتبہ وزیر رہے، شیخ رشید نے دو سیٹوں پر الیکشن لڑا اور کہتے رہے ہیں کہ یہ نوازشریف کی امانت ہیں، جو سیٹ چھوڑی اس پر بھتیجےکو لڑایا جسے بدترین شکست ہوئی، اس بار پھر بھتیجےکو الیکشن لڑایاجو بمشکل چند سو ووٹوں سےجیتا۔
اس موقع پر مشاہداللہ خان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید جن کو برا بھلا کہہ رہےہیں، انہی لوگوں نے ملک کو مشکل ترین وقت سےنکالا، پورے ملک کے عوام کو پتا ہے کہ نوازشریف، شہبازشریف ہی نجات دہندہ ہیں، نوازشریف اور شہبازشریف نے ملک کو اندھیروں سے نکالا۔
مشاہداللہ نے مزید کہا کہ شیخ رشید نے شہید بےنظیر کے خلاف انتہائی بےہودہ گفتگو کی اور معافی مانگ کر جیل سے باہر نکلے تھے۔