• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اللہ مجھ پر عاشق ہے، میں اُس کا پسندیدہ انسان ہوں، شیخ رشید

لاہور(نمائندہ جنگ ) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اللہ مجھ پر عاشق ہے اور میں اللہ کا پسندیدہ انسان ہوں۔ میری عزت جتنی کشمیر میں ہے اتنی کسی پاکستانی کی نہیں ہے۔ بے نظیر بھٹو کی شہادت کا پوری دنیا کو نقصان اور آصف زرداری کو فائدہ ہوا۔ خاقان عباسی ایل این جی کے چور ہیں، انہوں نے جیل ہی جانا ہے۔ شیخ رشید نے کہا میرا ان لوگوں سے کوئی ذاتی جھگڑا نہیں، رانا ثناء بدبودار آدمی ہے، وہ اس لیے بول رہا ہے کہ میں شہبازشریف کیخلاف سپریم کورٹ جارہا ہوں۔ دنیائے سیاست کا سب سے بڑا ڈاکو اگر پی اے سی کا چیئرمین ہے تو یہ پی ٹی آئی کا مسئلہ ہے۔ برصغیر پاک و ہند کا سب سے بڑا چور شہبازشریف ہے۔ چین جاکر پتا چلا شہبازشریف ان سب کا ماسٹر مائنڈ ہے۔ شیخ رشید احمد نے ریلوے پولیس کے ملازمین کو خوشخبری سناتے ہوئے اعلان کیا کہ ریلوے پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے مطابق کر دی جائیں گی جس کی زبانی منظوری لے لی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز لاہور میں ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں ہفتہ وار پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ریلوے پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کی تنخواہوں کے برابر کردی جائیں گی۔اس حوالے سے زبانی سمری بھی منظور کرلی گئی ہے۔ عدالت کے احکامات کے باعث ریلوے کی زمین لیز پر دینے پر پابندی عائد کردی، تاہم ریلوے اراضی صرف پانچ سالہ لیز پر دینے کی اجازت ہوگی۔ شیخ رشید نے مزید کہا کہ ٹرینوں میں ایف ایم ریڈیو بھی شروع کررہے ہیں۔ اس کے لیے لائسنس ہم لیں گے اور لاہور ریلوے ہیڈکوارٹرز میں پانچ سے دس افراد پر مشتمل عملہ ہوگا۔ ہم پرائیویٹ سیکٹر کے ماہرین کویہ پراجیکٹ دیں گے یہ ایف ایم ریڈیو ہوگا اس میں مختلف قسم کی انٹرٹینمنٹ ہوگی اور ریلوے کے بارے میں خبریں ہوں گی۔ وفاقی وزیر نے کہا رواں سال 20نئی ٹرینیں چلائی جائیں گی جبکہ فریٹ ٹرینوں کی تعداد 20تک لیکر جائیں گے۔ شیخ رشید نے ایک بار پھر شہبازشریف اور رانا ثناءاللہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایااور کہا میں تو ایک بندے کے پیچھے لگا ہوں کہ دودھ کی رکھوالی پہ بلے کو نہیں بٹھایا جاسکتا۔ چور، ڈاکو کسی کا احتساب نہیں کرسکتا، اس کے خلاف سپریم کورٹ جارہا ہوں۔ شیخ رشید نے کہا زرداری کا لیول ریڑھی والا۔ گول گپے فالودہ والے کے نام پر اربوں روپے باہر بھجوائے، پھر رانا ثنااللہ جیسے لوگوں کو چھوڑ دیا جاتا ہے۔ پانچ بھارتی ریاستوں میں گائو ماتا ہار گئی۔ ٹرمپ نے حکومت سے نئے تعلقات کی بات کی ہے اس سے بھارت کا ٹیبل ٹرن کیا ہے۔امریکہ میں بھی آٹھ حکومتیں ہیں۔ ان حکومتوں میں عمران خان نے نیا مقام بنا یاہے۔مودی کچھ بھی کر سکتا ہے اس لئے تیار رہنا چاہیے۔ شہبازشریف کسی وجہ سے نہیں وہ میری وجہ سے پریشان ہے۔جس نے گاجریں کھائیں اس کو پھکی ضرور ملے گی۔ جو پیپلزپارٹی کے ساتھ ہورہاہے وہ اپنی وجہ سے ہے۔ پچیس سے تیس آدمی بھاگ گئے ہیں۔ سلمان شہباز، اسحاق ڈاربھاگ گئے، حمزہ شہباز بھی بھاگ رہاتھا۔ ان کے داماد رشتہ دار کو بلانا غیر ضروری، نام ای سی ایل سے نکال دینے چاہئیں۔ ای سی ایل میں جس کا نام ہو یاجس کا کام پھنسا ہوا ہے بھاگ نہ جائے تو تیس دن کی اجازت مل سکتی ہے۔ وزیر ریلوے نے پیپلزپارٹی کے صدر آصف زرداری کو بھی ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری کہتا ہے جیل میرا سسرال ہے، بے نظیر کی موت سے پوری قوم کو نقصان ہوا لیکن آصف زرداری کو فائدہ ہوا، اس نے پارٹی اور دولت پر بھی قبضہ کرلیا، دنیا میں کوئی ایسی مثال نہیں ملتی کہ اتنی ہائی پروفائل لیڈر کی وصیت نوکرانی کے پرس سے ملے۔ بلاول بھٹو سے جلد ملاقات ہو گی۔شیخ رشید نے کہا رائل پام کا 2014 سے کوئی آڈٹ نہیں ہوا اور اسی وقت سے یہ ایک روپیہ بھی بینک میں نہیں لے کر گئے باہر سے ہی منی لانڈرنگ کرتے رہے ہیں۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کا قوم پر یہ احسان ہے کہ ہمارے 2800 کیسز جو 1990 سے عدالتوں میں پڑے ہوئے تھے چیف جسٹس صاحب نے تمام کورٹس کو حکم جاری کیاہے کہ 60 دِنوں کے اندر اندراس کا فیصلہ کریں ۔

تازہ ترین