کراچی (این این آئی)سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اوران کی ہمشیرہ فریال تالپورنے جے آئی ٹی رپورٹ میں لگائے گئے الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایسا کوئی کام نہیں کیا جس کا الزام عائد کیا گیا ہے،جے آئی ٹی کے الزامات سیاسی انتقام کا نتیجہ ہیں اور دستاویزات کو دیکھے بغیر الزام لگانا آرٹیکل 10 اے کی خلاف ورزی ہے۔17صفحات پر مشتمل جواب میں کہا گیا ہے کہ زرداری گروپ اور زرداری خاندان جے آئی ٹی کے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہیں اور جے آئی ٹی رپورٹ پر دفاع کا حق رکھتے ہیں۔ذرائع کے مطابق انہوں نے یہ بات سپریم کورٹ آف پاکستان میں جمع کرائے گئے اپنے جواب میں کہی ہے۔عدالت عظمی میں جمع کرائے گئے جواب میں انہوں نے موقف اختیارکیا ہے کہ جے آئی ٹی نے گواہوں کے بیانات اور دستاویزات ہمیں فراہم نہیں کی ہیں۔سابق صدر پاکستان اوران کی ہمشیرہ کے مطابق میڈیا کو جے آئی ٹی رپورٹ لیک کروا کرہمیں بدنام کیا گیا اور میڈیا پر بحث کر کے لوگوں کے ذہنوں میں ہمارے خلاف زہر ڈالا گیا۔انہوں نے موقف اپنایا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ لیک ہونے سے عدالت کا تقدس پامال ہوا۔