اسلام آباد(نمائندہ جنگ) احتساب عدالت نمبر1 کے جج محمد بشیر نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ضمنی ریفرنس میں گواہ کے حاضرنہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دوبارہ طلبی کا نوٹس جار ی کردیا۔ بدھ کو سماعت کے دوران شریک ملزم نیشنل بنک کے سابق صدرسعیداحمد عدالت میں پیش ہوئے جبکہ ملزمان نعیم محمود اورمنصوررضاکی طرف سے استثنیٰ کی درخواستیں جمع کرائی گئیں جنہیں عدالت نے منظورکرلیا۔ عدالت نے استغاثہ کے گواہ نجی بنک کے آفیسر آفتاب احمد کی غیرحاضری پر سخت برہمی کااظہارکیا، بنک نمائندہ کی طرف سے ریکارڈ اکٹھا کرنے کیلئے مہلت کی استدعابھی کی گئی جسے عدالت نے منظورکر لیا۔ فاضل عدالت نے آئندہ سماعت پر مزید 3 گواہان سہیل عزیز،عمران محمد اورمحمد نسیم کو طلبی کا نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 16جنوری تک ملتوی کردی۔