اسلام آباد(آئی این پی ) چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے اورنج لائن منصوبہ مجوزہ تاریخ پر مکمل کرنے کا حکم دیدیا،جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ اورنج لائن لاہور کے لوگوں کیلئے تحفہ ہے، ٹھیکیدار مجوزہ تاریخوں تک ہر صورت کام مکمل کریں، کام مجوزہ تاریخ پر مکمل نہ ہونے کو عدالتی حکم کی عدم تعمیل سمجھا جائے گا،جس دن گڈی چلے گی ہمیں بھی بتائیں ہم بھی گڈی کی سواری کریں گے۔گزشتہ روز سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں اورنج لائن ٹرین منصوبے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ دورانِ سماعت چیف جسٹس پاکستان نے اورنج لائن منصوبے کے ڈائریکٹر سبطین فضل کی تعریف کی اور کہا کہ آپ سے گزارش ہے مجوزہ تاریخ پر منصوبہ مکمل کریں۔اس موقع پر منصوبے کے ٹھیکیدار کے وکیل نعیم بخاری نے عدالت کو بتایا کہ مسئلہ یہ ہے کہ کام کے پیسے نہیں ملتے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی(ایل ڈی اے)چیک سپریم کورٹ میں جمع کرادے اور ٹھیکیدار بینک گارنٹی جمع کراکے چیک لے سکتے ہیں۔جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ اورنج لائن لاہور کے لوگوں کے لیے تحفہ ہے۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔