• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قادر خان کے بیٹے کی تنقید پر گووندا نے کیا کہا؟

گزشتہ روز قبل انتقال کر جانے والے بھارتی سینئر اداکار قادر خان کے بیٹے سرفراز خان نے فلم اسٹارگووندا پر تنقید کرتے ہوئے شکوہ کیا تھا کہ گووندا نے باپ جیسے قادر خان کو آخری وقت میں پوچھا تک نہیں۔


گووندا نے قادر خان کو ان کی موت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اپنا استاد اور باپ جیسا قرار دیا تھا جس کے رد عمل میں سرفراز خان نے کہا تھاکہ گووندا ایک منافق شخص ہے۔

سرفراز خان کا مزید کہنا تھا کہ اگر گووندا کو قادر خان سے اتنی ہی محبت تھی تو وہ کم از کم ان کے آخری دنوں میں ان کو پوچھ ہی لیتے یا پھر ان کی وفات کے بعد ان کی فیملی کو ایک کال ہی کر لیتے۔

سرفراز نے یہ بھی کہا کہ جب تک ان کے والد فلموں میں ایکٹو تھے تو بالی ووڈ کے لوگوں کا ان کے گھر آنا جانا ہوا کرتا تھا اور لوگ یاد بھی کرتے تھے لیکن جب قادر خان فلموں سے دور ہوئے تو لوگ بھی دور ہوتے چلے گئے تو کسی نے ان کا حال چال نہیں پوچھا۔


جب یہ بات گووندا کے علم میں آئی تو ا نہوں نے سرفراز خان کی کسی بھی بات کا برا نہ مانتے ہوئے کوئی ردّ عمل دینے سے اجتناب کیا ، بس اتنا کہا کہ ’وہ ابھی بچے ہیں، اس لئے میں ان کی بات پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتا ہوں‘۔

سرفراز خان نے امیتابھ بچن کے حوالے سے بھی بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے والد امیتابھ بچن کی دل سے عزت کرتے تھے حالانکہ امیتابھ اور ان کے والد کے درمیان کچھ چیزوں کو لے کر غلط فہمیاں بھی تھیں جن کی وجہ سے امیتابھ نے ان کو بہت ساری فلموں سے آوٹ بھی کرایا مگر اس کے باوجود وہ اپنی آخری سانس تک امیتابھ کو یاد کرتے رہے۔

واضح رہے گووندا نے قادر خان کے ساتھ کئی فلموں میں کام کیا جن میں حسینہ مان جائیگی، ہیرو نمبر ون، راجا بابو، دولہے راجا، ساجن چلے سسرال، کلی نمبر ون۔

گووندا نے برطانوی نشریاتی ادارے سے بھی بات کرتے ہوئے قادر خان کے بارے میں کہا تھا کہ ان کے اور قادر خان کے تعلقات اچھے رہے تھے۔

تازہ ترین