• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب میں نااہل لوگ،خود ان کے خلاف تحقیقات کی ضرورت ہے،چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس احمد علی ایم شیخ نے نیب انکوائریوں میں ملوث ملزمان کی درخواست ضمانت پر نیب کے تفتیشی افسر کی ناقص کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاہےکہ نیب نامعلوم شکایت پر لوگوں کی پگڑیاں اچھال رہا ہے،حالت یہ ہے کہ تفتیشی افسران کو قانون کی بنیادی معلومات ہی نہیں ہوتی،صورتحال کے پیش نظر نیب کیخلاف تو خود تحقیقات کی ضرورت ہے۔ ایک اور کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے تفتیشی افسر کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیا نیب کا کام صرف لوگوں کیخلاف ریفرنس بنانا ہے، آئندہ سماعت پر تیاری کے ساتھ نہ آنے پرجیل بھیج دینگے،تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں جسٹس عمر سیال پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو مختلف نیب انکوائریوں میں ملزمان کی ضمانتوں سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ اس دوران عدالت کو مطمئن نہ کرنے پر چیف جسٹس نے نیب حکام پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ چیف جسٹس احمد علی شیخ نے ریماکس دیئے نیب نامعلوم شکایت پر لوگوں کی پگڑیاں اچھال رہا ہے۔ نیب کے تفتیشی افسران کو بنیادی قانون کے بارے میں معلوم نہیں۔انہیں 6 ماہ کے لیے جیل بھیج دیں تو پورا قانون جان جائیں گے۔ عدالت نے تفتیشی افسر عرفان علی کو جیل بھیجنے کی تنبیہ کردی۔

تازہ ترین