لاہور ( نمائندہ جنگ) لاہور چیف جسٹس پاکستان مسٹر جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد مظلوموں کیلئے مفت قانونی کلینک بنائونگا، پاکستان کی بہتری کیلئے جب بھی کوئی لانگ مارچ ہوا تو اس کے ہر اوّل دستہ میں شامل ہوں گا۔ اتوار کو لاہور میںچیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار سے صحافیوں کے وفد نے غیر رسمی ملاقات کی۔وفد نے چیف جسٹس آف پاکستان کو انکی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا ۔اس موقع پر صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ اپنی ریٹائر منٹ کے بعد فری لیگل کلینک کا آغاز کروں گا فری لیگل کلینک میں مظلوم، غریب اور بے سہارا افراد کو فری قانونی امداد دوں گاہم نے پاکستان کی بہتری کیلئے سمت طے کر دی ہےپاکستان کو ہم سب نے مل کر آگے لیکر جانا ہے پاکستان کی بہتری کیلئے جب بھی کوئی لانگ مارچ ہوا تو اسکے ہر اوّل دستہ میں شامل ہوں گا۔چیف جسٹس نے کہا کہ یہ ملک صرف طاقتور کا نہیں مظلوم کا بھی ہے ہمیں مظلوم کا ساتھ دینا ہو گا۔