اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے ریٹائرمنٹ کے بعد کئے گئے اضافی اخراجات واپس نہ کرنے پر سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست کو ڈویژن بنچ میں لگانے کیلئے معاملہ عدالت عالیہ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کو بھجوانے کی ہدایت کی ہے۔ ریاض حنیف راہی ایڈووکیٹ نے ماتحت عدالت سے درخواست خارج ہونے پر اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ درخواست کی سماعت گزشتہ روز عدالت عالیہ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے کی۔ اس موقع پر درخواست گزار ریاض حنیف راہی ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ سابق چیف جسٹس نے ریٹائرمنٹ کے بعدکئے گئے اضافی اخراجات کی رقم واپس نہیں کی لہٰذا عدالت ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم جاری کرے۔ اس موقع پر جسٹس محسن اختر کیانی نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ آپ کس کے خلاف مقدمہ درج کرانا چاہتے ہیں؟ جس پر ریاض حنیف راہی ایڈووکیٹ نے جواب دیا کہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے خلاف مقدمہ درج کراناچاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عطاءالحق قاسمی کیس میں سپریم کورٹ نے پیسے واپس لینے کاحکم دیا۔ ایف آئی اے نے میری درخواست پرکوئی انکوائری شروع نہیں کی بلکہ مقامی عدالت میں موقف اپنایا کہ یہ ان کا دائرہ کار نہیں ہے۔