دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کا آپریشن رد الفساد جاری ہے۔
خیبر پختون خوا کے شہر ہنگو کے علاقے قاضی پمپ کے قریب سیکیورٹی اداروں نے کارروائی کی ہے جس کے دوران اہم کمانڈر سمیت 3دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے تھا جن کے نام کمانڈر اسلام، لائق اور محب اللہ معلوم ہوئے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہےکہ ہلاک کمانڈر اسلام 23 نومبر 2018ء کو ہنگو کے علاقے کلایہ میں ہونے والے خودکش دھماکے سمیت دیگر دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھی ملوث تھا۔
سیکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ حساس اداروں کی کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے ہنگو میں نئی زیر تعمیر جیل کے قریب واقع شاہد نامی شخص کے گھر میں پناہ لی تھی۔
سیکیورٹی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران فائرنگ کی زدمیں آکر گھر کا مالک شاہد بھی ہلاک ہو ا ہے۔