اسلام آباد......امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان میں مالی، اخلاقی اور انتخابی بد عملی ہو رہی ہے، اب احتساب ہونا چاہیے اور سرعام ہونا چاہیے۔
اسلام آباد میں کرپشن فری سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکمران پارلیمنٹ کے گملے تک نہیں چھوڑتے، ملک کی 2 بڑی سیاسی جماعتوں پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے باریاں بدل کر حکومت کی لیکن ملک و قوم کی بہتری کے لئے کچھ نہیں کیا، ان کے 370 ارب ڈالر ملک سے باہر ہیں۔
معروف صحافی حامد میر کا کہنا تھا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ زمینی حقائق کے برعکس ہوتی ہے، پاکستان میں بااثر لوگوں کے خلاف زیر التواء مقدمات کا فیصلہ ہونا چاہیے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عوام کی اکثریت کرپشن سے نفرت کرتی ہے، لیکن بااثر اشرافیہ نہ صرف خود بد دیانت ہے بلکہ بددیانت لوگوں کو تحفظ بھی فراہم کرتی ہے۔