• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایجوکیشن لنگو: کھیل کھیل میں غیر ملکی زبانیں سیکھنے کا فن

کسی بھی طالب علم کے لیے کوئی بھی غیرملکی اور ناآشنا زبان سیکھنے کے لیے اس زبان کے الفاظ اور قواعد (Grammer) سے شناسائی انتہائی ضروری ہوتی ہے، تاہم بات جب کم وقت میں کسی زبان کے مزاج کو جاننے کی آتی ہے تو پھر 30 دن میں انگریزی، اردو، عربی، فارسی سیکھیے! جیسے کریش کورسز سامنے آتے ہیں،جن میں طلبہ و طالبات کو بول چال کے بنیادی اصولوں اور تلفظ کے بارے میں آگہی دی جاتی ہے۔ایسی کتابوں کے ساتھ آڈیو کیسٹ اور سی ڈی کا ہونا لازمی عنصر جانا جاتا ہے۔ایسے ہی تزک و اہتمام سے آپ کو دنیابھر کی سیلف ٹیچنگ بکس مل جائیں گی،جن کی مدد سے آپ گھر بیٹھے زبان فہمی کے بنیادی اصولوں کو جان کر کوئی بھی زبان حسبِ ضرورت سیکھ سکتے ہیں۔اس وقت دنیا کی سب سے زیادہ بولی،پڑھی جانے والی زبان انگریزی ہے، جسے دنیا کی معاشی و سائنسی،ادبی و سیاسی، قانونی و معاشرتی زبان ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔جہاں اس زبان کے بولنے والے ایک ارب سے زائد ہیں۔ایک زمانہ تھا جب عبرانی ،یونانی و لاطینی، عربی و فارسی کو حکمران زبانوں کا درجہ حاصل تھا۔ تاہم، آج اس مقام پر بلاشرکت غیرے انگریزی موجود ہے،جسے سیکھنا اور سمجھنا وقت کی اہم ضرورت ہے مگر ماہرین لسانیات ایسا نہیں سوچتے۔وہ ہر زبان سے محبت کرتے ہیں۔انہی کی کاوشوں سے آج ہم کثیراللسانی (Multilingual) اذہان کو پروان چڑھا سکے ہیں۔ ان ماہرینِ لسانیات نے ہمیں یہ درس دیا ہے کہ دنیا کی ہرزبان عظیم ہے۔اس لیے کہ ہر زبان کسی نہ کسی کی مادری زبان ہے،اس لیے اسی عظمت و احترام کے ساتھ دنیا کی ہر زبان سیکھیں جیسے کہ انگریزی سیکھنے پر توجہ دیتے ہیں۔ ہم پاکستانی خوش نصیب ہیں کہ ہمارے لسانی ورثے میں انگریزی و اردو کے ساتھ دیگر پاکستانی زبانوں کے گلدستے موجود ہیں۔ ہم اردوادب کے ساتھ فارسی ادب و ثقافت سے بھی جڑے ہوئے ہیں۔عربی ہمارے اسلامی ادب کی اساس اور انگریزی علم و ہنر کی ضمانت ہے۔ سنسکرت اور ہندی کے اثرات بھی ہماری زبانوں پر موجود ہیں۔پاکستانی زبانوں سے محبت کی آوازیں بھی اٹھ رہی ہیں لیکن اس سب کے باوجود انگلش بولنے کا کریز کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔ ایسے میں آن لائن تعلیمی ویب سائٹس کی بدولت ذاتی شوق اور توجہ سےکھیل کھیل میں غیرملکی زبانیں سیکھنے کا عمل ایجوکیشن لنگو نے پہلے سے کہیں زیادہ آسان کردیا ہے۔ انگریزی زبان و ثقافت کی تفہیم ان تعلیمی ویب سائٹس نے ہمارے لیےبہت آسان بنادی ہے۔ایسی ہی کچھ اہم سائٹس کا تعارف ذیل میں پیش کیا جارہا ہے۔

Lingo kids

آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے آراستہ اس کھیل کھیل میں انگریزی سکھانے والی سائٹ میں آپ کے بچوں کے لیے سینکڑوں گیمز ہیں،جن سے آپ انگریزی کی بنیادی ابجد سے اعلیٰ تعلیم تک انگریزی پر دسترس حاصل کرنے کے شاندار مواقعوں سے بچوں کو روشناس کراسکتے ہیں۔ ذخیرہ الفاظ سے لے کر گرامر تک وہ تمام اسباق موجود ہیں،جو انگریزی کو آپ کے بچوں کے لیے آسان بناتے ہیں۔اتنا ہی نہیں، لنگو کڈز کا اپنا فیس بک اکاؤنٹ بھی ہے،جہاں آپ کے بچے دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے انگریز بچوں سے سماجی تعلقاتِ عامہ کو بھی استوار کر سکتے ہیں۔

LingoLearning

اس سائٹ کا یہ دعویٰ کسی طور بیجا نہیں کہ اس میں ہر ایک کے لیے غیرملکی زبان سیکھنے کے مواقع موجود ہیں۔ انگریزی ،فرانسسی اور اسپینش زبان سیکھنے والے طالب علموں کیلئے اسے خاص تحفہ جانیے۔ اس سائٹ پر آپ لنگو کڈز اور لنگو ٹینز کی تعلیم کے مختلف زاویے دیکھیں گے۔

Duolingo

زبان سیکھنے کی یہ مفت ایپ ہے،جو آج کل بہت مقبول ہے۔ اس میں انگریزی کی بنیادی باتیں، اسباق اور شاندار مشقیں مہیا کی گئی ہیں۔

Lingo Bus

یہاں چینی زبان سیکھنے کا اہتمام کیا گیا ہے۔یوٹیوب پر اس سائٹ سے وہ طالب علم چینی زبان سیکھ سکتے ہیں، جنہیں چین جاکر علم حاصل کرنے کی خواہش ہے۔

Dino Lingo

یہاں اساتذہ طالب علموں کو کلاس روم میں کھیل کھیل میں زبانوں کی تدریس کے ساتھ انہیں زبانوں کی نفسیات کا بھی بتا سکتے ہیں۔

Lingobros

فرینچ سیکھنے والوں کے لیے یہاں کئی اسباق ہیں،جن کی بدولت آپ کے لیے فرانسیسی زبان ذرا مشکل نہیں رہے گی۔

OnlineLingo

یہاں انگریزی کی مہارت حاصل کرنے اور انگریزی تدریس کو کیریئر بنانے کے لیے بہت سی دلچسپ سرگرمیاں موجود ہیں۔

The Lingo Club

یہ کلب ایسے مخلص افراد پر مبنی ہے جو تعلیم و تدریس کو اپنا سماجی فرض جانتے ہوئے آپ کے دل میں علم و زبان سے محبت کی مشعل جلاکر آپ کو پڑھنے اور مختلف زبانیں سیکھنے کا درس دیتے ہیں۔

Learn 365

سال کے365دن علم کی شمع جلائے رکھنے کے لیے اس سائٹ کو آپ نہیں بھول سکتے،جہاں تعلیم و تدریس کے حوالے سے کتب، ٹولز اور کٹس کی قیمتی سوغاتیں آپ کو مجبور کردیں گی کہ بچوں کے لیے کچھ خریداری کرلیں۔اس سائٹ پر موجود ایجوکیشنل کٹس دیکھ کر آپ مغرب کی تعلیمی خدمات کو داد دینےپر مجبور ہوں گے کہ واقعی تعلیم یافتہ اقوام بچوں کے ادب کو تکریم کی نظر سے دیکھتی ہیں۔ مستقبل کے معماروں کے لیے والدین کو چاہیے کہ ایک نظر اس کا جائزہ لیں۔ہمارے ہاں بھی ایسی انفرادی کاوشیں زبان و علم شناسی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔ یہ بات یاد رکھیے،’’دنیا کی باوقار اقوام ماضی و حال پر نظر رکھتے ہوئےاپنا مستقبل سنوارا کرتی ہیں‘‘۔ واضح رہے کہ یہ تمام ویڈیو گیمز آپ اپنے اسمارٹ فون پر بھی ڈائون لوڈ کر سکتے ہیں ۔ ساتھ ہی یہ سہولت ٹیبلٹ، لیپ ٹاپ اور کمپیوٹر پر آن لائن بھی موجود ہے۔ ان ویڈیو گیمز کے ذریعے آپ اپنے بچوں کو تعلیم سے محبت کا درس دے سکتے ہیں ۔

ESL Lingo

یہاں آپ کی ملاقات ایسے اساتذہ سے ہوگی جو تعلیم و تدریس کو عبادت کا درجہ دیتے ہوئے زبان فہمی کے لیے آپ کی رہنمائی کے لیے ہمہ وقت کوشاں رہتے ہیں۔

Kindergarten Lingo

اس سا ئٹ پر والدین کے لیے 10 اہم اسباق موجود ہیں،جن سے وہ اپنے بچوں میں مختلف زبانوں کا شوق بڑھا سکتے ہیں۔ ان اسباق کی مدد سے بچوں کا رجحان سیکھنے کیجانب مائل ہوگا۔

تازہ ترین