• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی نوجوانوں نے جان پر کھیل کر خاتون کو لٹیروں سے بچالیا

برمنگھم (ابرار مغل) برطانیہ میں پاکستانی نوجوان اپنی صلاحیتوں سے کامیابیاں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ خدمت خلق اور جذبہ انسانیت سے سرشار ہوکر اپنی جان پر بھی کھیل جاتے ہیں۔ برمنگھم کے ایک پٹرول پمپ پر کام کرنے والے35سالہ کیشئر رسالت حسین اور اس کے ساتھی نے گزشتہ دنوں اپنی جان پر کھیل کر ایک عورت کو لٹیروں سے بچایا۔ ایک رات جب رسالت حسین اپنے ساتھی کیشئرکامران احمد کے ہمراہ معمول پر اپنے فرائض منصبی ادا کررہا تھا انہوں نے دیکھا کہ پٹرول پمپ میں دو اوباش لٹیروں نے پٹرول ڈلوانے والی ایک عورت پر حملہ کیااور کار چھیننے کی کوشش کی جو ان کے لیے اس لیے بہت آسان تھا کہ رات کا وقت تھا اور پٹرول پمپ عملے کو اجازت نہیں ہوتی کہ وہ باہر نکلیں لیکن جب دونوں نے دیکھا کہ ایک اکیلی عورت پر دو اوباش ٹوٹ پڑے ہیںتو دونوں ڈنڈے اٹھاکر اوباشوں کو للکارتے ہوئے باہر نکلے، ان کو دیکھتے ہی دنووں بھاگ کھڑے ہوئے۔ برمنگھم کے مقامی پولیس کو بھی اطلاع کی گئی۔ مقامی میڈیا نے ان کو ہیرو قرار دیا جنہوں نے اپنی جان اور نوکری کو دائو میں ڈال کر ایک عورت کی جان بچائی۔ رسالت حسین کا کہنا ہے کہ اس وقت انہوں نے اکیلی عورت کی جان بچانا اپنا فرض سمجھا۔ اس لیے انہوں نے عام سےڈنڈے سے اوباشوں کو بھگا دیا۔
تازہ ترین