ارم معین
فارغ التحصیل ہوتے ہی، نوجوانوں کی سب سے پہلے کوشش اور خواہش یہی ہوتی ہے کہ انہیں متعلقہ شعبے میں ملازمت مل جائے، کچھ نوجوان زمانۂ طالب علمی ہی سے نوکری کی تلاش شروع کر دیتے ہیں جب کہ کچھ ڈگری ملنے تک انتظار کرتے ہیں، لیکن تلاش معاش کا سب سے بنیادی اور اہم جزو ’’سی وی‘‘ ہوتی ہے، کہیں بھی ملازمت کے لیے جانے سے قبل ادارے میں سی وی بھیجی جاتی ہے، جو آپ کا تعارف ہوتا ہے۔یہاں یہ امربھی قابل ذکر ہے کہ ملازمت کے حصول کے لیے اچھی سی وی بہت اہمیت کی حامل ہے۔اس میں تعلیمی اور پیشہ ورانہ کیریئر کی مکمل تفصیل بیان کی جاتی ہے۔ سی وی درخواست گزار کی اہلیت، تجربہ اور صلاحیتوں سے آگاہ کرنے کا بہترین ذریعہ ہوتی ہے۔یہ اس امر کی نشان دہی بھی کرتی ہے کہ مطلوبہ ملازمت کے لیے آپ کس قدر موزوں ہیں۔ یوں کہا جا سکتا ہے کہ سی وی آپ کے ماضی و حال کے اہم کارناموں، تجربات اور رجحانات کا خلاصہ ہے۔ اس دستاویز کا مقصد یہ ہے کہ آپ کی پیشہ ورانہ زندگی کا مختصر اور جامع تعارف متعلقہ ادارے تک پہنچ جائے، تاکہ وہ اسے دیکھ کر آپ کو انٹرویو یا دیگر مراحل کے لیے منتخب کر ے۔متاثر کن سی وی بنانا بھی ایک فن ہے، کیوں کہ انٹرویو کال کا سارا دارومدار اسی پر ہوتا ہے۔اگر یہ واضح اور جامع نہیں ہوگی ، تو اس سے آپ کا تاثر اچھا نہیں پڑے گا۔سی وی میں صرف اہم معلومات شامل ہونی چاہییں، غیر ضروری مواد شامل کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔ خیال رکھیں کہ سی وی میں اپنی صلاحیتوں کو بڑھا چڑھا کر بیان نہ کریں۔ اگر سی وی بذریعہ ڈاک بھیجنا ہے، تو اسے موڑنے سے گریز کریںاور اے فورسائز کے لفافے میں سیدھا رکھ کر ارسال کریں۔سب سے پہلے یہ سمجھ لیا جائے کہ سی وی کی اقسام کیا ہیں اور کس انداز میں کون سی سی وی تیار کی جاتی ہے۔
اس قدر اہمیت کی حامل ہونے کے باوجود، بہت سے نوجوان ایک اچھی سی وی کی تیاری میں مشکلات محسوس کرتے ہیں۔ عام طور پر وہ نہیں جانتے کہ کون سی معلومات، کس ترتیب میں درج کرنی ہیں، ضروری معلومات کو نمایاں کرنا ہے اور غیر ضروری تفصیلات اور طوالت سے گریز کرنا ہے۔گرچہ ایک اچھی سی وی بنانے کا کوئی کامل سانچہ نہیں ہے، ہر شعبے کی ضروریات کے مطابق سی وی کے مندرجات میں مختلف پہلوئوں پر زور دیا جاتا ہے۔ تاہم ماہرین نے سی وی بنانے کے کچھ بنیادی اصول وضع کیے ہوئے ہیں۔ مجموعی طور پر سی وی صاف، ٹائپ شدہ ،مختصر اور سفید کاغذ پر لکھی ہونی چاہیے۔ اس کی ضخامت اے فورسائز کے ایک یا دو صفحات سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔پیشہ ورانہ اور تعلیمی زندگی میں اپنی کام یابیوں، ہم نصابی اور غیر نصابی سرگرمیاں اور (ادارے یا معاشرے کے لیے) خصوصی خدمات کا ذکر تفصیل سے اور نمایاں انداز میں کریں۔ اس کے علاوہ اپنی شخصیت کے مضبوط پہلوؤں کو بھی اچھے طریقے سے اُجاگر کریں۔ کم سے کم الفاظ میں بات واضح کریں۔کیریئر کوچنگ کے ایک بڑے ادارے کی منیجنگ ڈائریکٹر کورائن ملز ،سی وی بنانے کے بارے میں کہتی ہیں کہ ایک اچھی سی وی بنانے کے لیےمناسب فونٹ اور فارمیٹنگ درکار ہوتی ہے۔ 10 یا 12پوائنٹ معیاری فونٹ سائز ، فونٹ اسٹائل Times New Roman, Arial یا Verdana میں سے کوئی استعمال کرنا چاہیے۔ اس کے ساتھ بار بارا سپیلنگ ضروردیکھیںکیوں کہ غلط اسپیلنگ کا بہت منفی تاثر پڑتا ہے ۔ملازمت کے لیے درخواست دینے سے قبل ایک ہی قسم کی پانچ، چھ ملازمتوں کے اشتہارات دیکھیں اور ان کے لیے درکار قابلیت کا بہ غور جائزہ لیں، پھر اپنی سی وی کو اس سے ہم آہنگ کرنے کی کوشش کریں۔ بہت سے لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ ایک ہی سی وی ہر طرح کی ملازمت کے لیے استعمال کی جا سکتی ہے، یہ تاثر سراسر غلط ہے۔ اس لیے آپ کو پہلے تھوڑی تحقیق کرنی چاہیے کہ جس ادارے میں ملازمت کرنےکے خواہش مند ہیں، ان کی ضروریات کیا ہیں۔ سی وی تیار کرنے کے بعد اچھی طرح پروف ریڈنگ کر لیں۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام تمام معلومات آپ نے مناسب پیرائے میں بیان کر دی ہیں۔اچھی سی وی بنانے کے اہم و بنیادی مندرجات درج ذیل ہیں ۔
تعلیمی ریکارڈ:اس میں تازہ ترین ڈگری سے میڑک تک تعلیمی ریکارڈ لکھیں۔
کیریئر ہسٹری:موجودہ ملازمت کے بارے میں لکھتے ہوئے پہلی ملازمت تک کی تفصیل بیان کریں۔ رضاکارانہ یا عارضی طور پر کی گئی ملازمت کا ذکر بھی کریں۔سابقہ ملازمتوں کی بہترین کارکردگی ،پرفارمنس کی اسنادوغیرہ کی تفصیل بھی شامل کریں۔
ذاتی پروفائل:جس ملازمت کے لیےآپ درخواست دے رہے ہیں، اس کی ضروریات کے مطابق اپنی صلاحیتوں اور خوبیوں کو بیان کریں۔اپنے گزشتہ پیشہ ورانہ تجربے کے ساتھ ان کورسز کا بھی بتائیں، جو کام کے دوران کیےہیں۔
قابلیت:پیشہ ورانہ شخصی خوبیاں اور سابقہ ملازمت کے دوران حاصل کی ہوئی ٹریننگ اور اس میں اپنے کام کی نوعیت وغیرہ۔
ذاتی معلومات:نام،پتا،فون نمبر،ای میل اور سوشل میڈیا پر کوئی پیشہ ورانہ سرگرمی جیسا کہ بلاگ وغیرہ کی تفصیلات شامل کریں۔
مشاغل کا ذکر:کھیل کود، کتب بینی وغیرہ جیسی ذاتی دل چسپی کا ذکر ضرور کریں، خصوصاً جب وہ مہارتیں مطلوبہ ملازمت سے متعلق ہوں۔
ریفرنسز:اس میں آپ ایسے افراد کا ذکر کرتے ہیں ،جو ادارے کی جانب سے پوچھے جانے پر آپ کی خوبیوں اور اہلیت کے بارے میں بتا سکیں۔ ممکن ہو تو اپنے سابقہ ادارے کے کسی فرد یا اپنے کسی ٹیچر کا حوالہ دیں، کیوں کہ کسی بھی ادارے کے لیےاساتذہ سے زیادہ قابل بھروسہ ریفرنس کوئی نہیں ہو سکتا، اس کا مثبت اثر بھی پڑتا ہے۔
یاد رکھیں،بہت سے سرکاری و نجی ادارے اور ملٹی نیشنل کمپنیاں ملازمت کے لیے امیدواروں سے آن لائن سی وی بھی منگواتی ہیں۔ بڑی کمپنیوں کے پاس سی ویزکی فلٹریشن کے لیے سافٹ وئیر ہوتے ہیں، جو کہ مخصوص پیمانوں پر سی وی کے مندرجات کو پرکھتے ہوئے اسے آگے بھیجنے یا روکنے کا فیصلہ کرتے ہیں۔ کئی مرتبہ ایک درخواست محض اس لیے مسترد ہو جاتی ہے کیوںکہ وہ ٹھیک طرح سے لکھی نہیں ہوتی، چاہے آپ ملازمت کے لیے اہل ہی کیوں نہ ہوں۔اس لیے سی وی کی غلطیوں یا کہیں سے کاپی شدہ سی وی بھیجنےسے گریز کریں۔