• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فارماسسٹ کو عمومی استعمال کی دوائوں کی قلت کاسامنا ،مریضوں کومشکلات

لندن( پی اے )فارماسسٹس نے شکایت کی ہے کہ انھیں عمومی استعمال کی دوائوں کی کمیابی کاسامنا ہے جس کی وجہ سے مریض مشکلات کاشکار ہورہے ہیں اور انھیں دوائوں کی فراہمی میں تاخیر ہورہی ہے، فارماسسٹ کاکہناہے کہ انھیں عام استعمال کی دوائوں کی کمیابی کے سبب اس کے حصول کیلئے بہت زیادہ قیمت ادا کرنا پڑرہی ہے۔ان کاکہناہے کہ مریضوں کو درد شکن دوائوں، ڈپریشن سے بچائو اور بلڈ پریشر وغیرہ کی دوائیں دستیاب نہیں ہورہی ہیں، بی بی سی کے مطابق انگلینڈ میں کمیاب دوائوں کی فہرست کافی طویل ہے۔کم وبیش 80ایسی دوائیں ہیں جن کی سپلائی کم ہے اور محکمہ صحت ان کیلئے زیادہ قیمت ادا کرنے کو تیار ہےجبکہ اکتوبر میں کمیاب دوائوںکی فہرست میں صرف 45دوائیں شامل تھیں۔دوائوں کی اس کمیابی کے کئی اسباب ہیں لیکن اس حوالے سے اب زیادہ تشویش بریگزٹ کی غیر یقینی صورت حال کی وجہ سے پیدا ہورہی ہے کیونکہ بریگزٹ کی صورت میں صورت حال مزید خراب تر ہوجائے گی۔رائل فارماسوٹیکل سوسائٹی کاکہناہے کہ بڑے پیمانے پر دوائوں کی قلت اور ان کی قیمتوں میں اضافے کا سامنا ہے۔یہ بھی معلوم ہواہے کہ ویلز میں بھی دوائوں کی اسی طرح کی کمی کاسامنا ہے جس سے ویلز کی فارمیسیز اور مریض متاثر ہورہے ہیں۔اگرچہ زیادہ تر لوگوں کونسخے کے مطابق دوائیں مل جاتی ہیں لیکن اگر ایک دوا بھی کم ہو تو وہ زیادہ خوش قسمت نہیں کہے جاسکتے، دوائوں کی کمیابی کی وجہ سے بعض فارماسسٹ مریضوں کو ان کے جی پیز کے پاس واپس بھیج رہے ہیں کہ وہ متبادل دوائیں لکھوا کر لائیں۔
تازہ ترین