ساہیوال واقعے میں جاں بحق ڈرائیور ذیشان کے ورثا نے دھرنا ختم کردیا۔
کار ڈرائیور ذیشان کے لواحقین نے نماز جنازہ کے بعد میت سڑک پر رکھ کر دھرنا دیا اور اعلان کیا کہ جب تک دہشت گردی کا الزام واپس نہیں لیا جاتا وہ دھرنا ختم نہیں کریں گے، بعدازاں پولیس حکام سے مذاکرات کے بعد دھرنا ختم کردیا گیا اور ذیشان کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
واضح رہے کہ ساہیوال واقعہ میں جاں بحق ہونے والے 4 افراد کی نماز جنازہ لاہور میں فیروز پور روڈ پر ادا کی گئی۔ خلیل، اس کی اہلیہ اور بیٹی کو شہر خموشاں میں سپرد خاک کردیا گیا۔
ساہیوال واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کی نماز جنازہ میں اہل خانہ سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔